0
Sunday 9 Sep 2012 11:24

تقسیم کشمیر کی سازشوں کو بے نقاب کریں گے، خلیل احمد حبیب

تقسیم کشمیر کی سازشوں کو بے نقاب کریں گے، خلیل احمد حبیب
اسلام ٹائمز۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی رہنما خلیل احمد حبیب نے کہا ہے کہ دس ستمبر کو جے کے ایل ایف کا ہونے والا کنونشن تقسیم کشمیر کی سازشوں کو بے نقاب کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ دہلی اور اسلام آباد نے خودمختار تحریک کے خلاف سرمایہ کاری شروع کر دی ہے۔ آر پار تجارت کے معاہدوں کی صورت میں ایسے گروہ سامنے آئے ہیں جنہوں نے تحریک آزادی کو کنفیوژ کرنے پر پورا زور لگایا ہوا ہے۔ کچھ لوگ انڈیا کے خلاف جدوجہد کو خودمختاری قرار دیتے ہیں اور کچھ صرف پاکستان کے ٹوٹنے کو ہی خودمختاری مانتے ہیں۔ ہم کسی ملک یا قوم کے خلاف نہیں بلکہ ہم ان قوتوں کے خلاف برسرپیکار ہیں جنہوں نے ہماری آزادی اور خودمختاری کو غصب کیا ہوا ہے۔ 

خلیل احمد حبیب نے کہا کہ کشمیری قوم اس وقت تک آزادی کی منزل حاصل نہیں کر سکتی جب تک وہ رہبروں اور رہزنوں میں تفریق نہیں کرتی۔ کسی بھی قوم کی آزادی کے لیے ایک قوم، ایک تحریک اور ایک تنظیم کا ہونا ضروری ہے۔ لبریشن فرنٹ 1990ء میں اس تاریخی کسوٹی پر پورا اترتا تھا لیکن غیروں کی سازشوں اور اپنوں کی غداریوں نے کشمیری قوم کو تقسیم در تقسیم کردیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حقیقی آزادی پسند، منظم و متحد ہو کر ان سازشی عناصر کے خلاف اکٹھے ہوں جنہوں نے سامراج کے ساتھ مل کر ہماری غلامی کو طول دیا۔ انھوں نے کہا کہ کارکنان جے کے ایل ایف دس ستمبر کو ایسی قیادت کا انتخاب کریں جو حقیقی معنوں میں خودمختار اور خوشحال ریاست جموں و کشمیر کے لیے جدوجہد کرے اور تقسیم کشمیر کے خلاف سازشوں کو بے نقاب کرے۔
خبر کا کوڈ : 193891
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش