0
Saturday 15 Sep 2012 16:50

امریکی سفارت خانے بند کرکے امریکی سفیروں کو ملک بدر کیا جائے، جماعة الدعوة

امریکی سفارت خانے بند کرکے امریکی سفیروں کو ملک بدر کیا جائے، جماعة الدعوة
اسلام ٹائمز۔ توہین رسالت پر مبنی فلم کے خلاف جماعة الدعوة اور تحریک حرمت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اپیل پر ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا، ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں اور مظاہرے کیے گئے۔ سندھ میں سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ صوبائی دارالحکومت کراچی میں جماعة الدعوة کراچی کے امیر انجینئر نوید قمر کی قیادت میں ہوا، جس میں دفاع پاکستان کونسل کے رہنما حافظ کلیم اللہ، ملی یکجہتی کونسل کے محمد بلال حیدر، تحریک حرمت رسول کے مولانا محمد امجد سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت و خطاب کیا۔ کراچی کی تمام مساجد کے خطبات جمعہ میں خطباء حضرات نے اہل اسلام کو صلیبیوں اور یہودیوں کی ناپاک جسارتوں اور اسلام کے خلاف جاری سازشوں سے آگاہ کیا، اس موقع پر مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔

نماز جمعہ کے بعد شہر کے مختلف علاقوں سے لوگ کارواں کی صورت میں کراچی پریس کلب کے سامنے پہنچے جہاں اس ناپاک جسارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکا و اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور اس توہین آمیز فلم کو امریکہ و اسرائیل کی مشترکہ ساز قرار دیا ہے۔ شرکاء نے ہاتھوں میں احتجاجی کتبے، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں کی جانے والی گستاخی کی مذمت اور ایسی حرکتیں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرے میں ننھے بچوں اور بوڑھوں سمیت تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مقررین کی تقاریر کے دوران ہاتھ اٹھا کر حرمت رسول پر کٹ مرنے کا عزم کیا۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعة الدعوة کراچی انجینئر نوید قمر نے توہین رسالت پر مبنی فلم نشر کرنے کو اسلام کیخلاف ہرزہ سرائی کا مکروہ اور نفرت انگیز عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان توہین آمیز فلم کے حوالہ سے امریکہ سے بھرپور احتجاج کرے اور رسمی بیانات سے آگے بڑھ کر ملک میں موجود امریکی سفارت خانے احتجاجا بند کرکے امریکی سفیروں کو ملک بدر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور پیغمبر اسلام کے خلاف ہرزہ سرائی کا یہ کوئی نیا واقعہ نہیں ہے بلکہ کبھی ڈنمارک کے کارٹونسٹ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خاکے بنانے کا مقابلہ کرواتے ہیں اور کبھی ٹیری جونز جیسا اسلام مخالف ملعون پادری قرآن مجید کے خلاف مقدمات چلا کر اسے نذرآتش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہل مغرب نے جب یہ دیکھا کہ مسلمان دنیا میں تیز سے پھیل رہے ہیں اور عیسائیوں کی اکثریت اقلیت میں بدل رہی ہے تو بجائے دلیل کے میدان میں اسلام کا مقابلہ کرتے انہوں نے بزدلی پر اتر کر اسلامی شعائر کی گستاخی شروع کر دی ہے۔ انجینئر نوید قمر نے کہا کہ دشمنان اسلام اظہار رائے کے نام پر صرف پیغمبروں کی ذات کو نشانہ بنا رہے ہیں ورنہ جب بش کو جوتے مار کر اس کی تذلیل کی گئی تو اس وقت یہ کام کرنے والوں کو گرفتار کرکے سزا دی گئی۔ انھوں نے کہا کہ تمام انبیاء کی شان میں گستاخی کا ارتکاب کرنے والوں کو گرفتار کرکے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ اگر امریکہ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو سزا نہ دی تو پھر قرآن مجید نے دین اسلام پر طعن و تشنیع کرنے والوں کے خلاف جہاد کرنے کا حکم دیا ہے۔

انجینئر نوید قمر نے کہا کہ اگر آزادی اظہار رائے کے نام پر اسلام کو یوں تنقید کا نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہا تو مسلمان بھی اس کے ردعمل میں قرآن کا دیا ہوا حق استعمال کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ انجینئر نوید قمر نے کہا کہ جب تک اہل مغرب آزادی اظہار رائے کے نام پر اسلام کے خلاف پروپیگنڈے اور اسلامی شعائر کی توہین کا سلسلہ بند نہیں کریں گے، یہ احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔ پاکستانی حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ اس تحریک کو مثبت انداز میں آگے بڑھائے اور اس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھائے تاکہ آئے روز اسلام کے خلاف جاری سازشوں کا سلسلہ بند ہو اور مسلمان دنیا میں عزت و سلامتی کے ساتھ رہیں۔
خبر کا کوڈ : 195478
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش