0
Monday 17 Sep 2012 08:51

جے یو پی کا امریکہ سے گستاخانہ فلم بنانے والوں کو مسلمانوں کے حوالے کرنے کا مطالبہ

جے یو پی کا امریکہ سے گستاخانہ فلم بنانے والوں کو مسلمانوں کے حوالے کرنے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے قائم مقام صدر صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ مسلمان کسی صورت توہین رسول اور توہین قرآن برداشت نہیں کر سکتے۔ جے یو پی کی مرکزی شوریٰ کے لاہور میں منعقد ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے توہین آمیز فلم نے پوری دنیا کا امن غارت کر دیا ہے، ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام مسلم اور غیر مسلم ممالک میں مسلمان اور دیگر مذاہب کے لوگ اس پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں، امریکہ ان فلم بنانے دہشت گردوں والوں کو ہمارے حوالے کرے۔
 
اجلاس میں پیر اعجاز احمد ہاشمی، قاری محمد زوار بہادر، پیر سید سبطین گیلانی، محمد صدیق راٹھور، ڈاکٹر جاوید اعوان، علامہ محمد اقبال اظہری، صاحبزادہ احمد میاں خان، محمد ہاشم صدیقی ایڈووکیٹ، حلیم خان غوری، فیاض خان، ڈاکٹر جاوید اختر، رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر نور خان نیازی، پیر سید مسعود الحسن چن پیر، اور چاروں صوبوں سے اراکین شوریٰ نے شرکت کی۔
 
اجلاس میں مختلف قراردادوں کے ذریعے الیکشن سے قبل بلدیاتی انتخابات کو قوم سے مذاق قرار دیتے ہوئے انہیں مسترد کیا گیا اور مطالبہ کیا کہ فی الفور جنرل الیکشن کروائے جائیں۔ اجلاس میں صرف صوبہ پنجاب کی تقسیم کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ انتظامی طور پر دیگر صوبوں کو بھی چھوٹے یونٹوں میں تقسیم کیا جائے تو قابل قبول ہو گا۔ جے یو پی پنجاب کی تقسیم کے لئے بنائے جانے والے کمیشن کو مسترد کرتی ہے، جے یو پی 21 ستمبر بروز جمعہ کو امریکی فلم بنانے کے خلاف یوم احتجاج کے طور پر منائے گی۔ جے یو پی نے بھارت کے ساتھ کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر تجارت بینکوں کا قیام، ویزا پالیسی اور امریکہ کی طرف سے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان حملوں کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں لاہور میں مزارات کو شہید کرنے، پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی بھی شدید مذمت کی گئی اور انہیں واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمد اویس نورانی نے کہا کہ حکو مت پاکستان اور اسلامی ممالک کو چاہپیے کہ وہ امریکی اتحاد سے نکل آئیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو پی آنے والے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دائیں بازو کی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور اس کی خوش خبری قوم کو جلد سنائیں گے۔
 
اجلاس میں پیر اعجاز ہاشمی نے ایم ایم اے اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم دائیں بازو کی جماعتوں کے درمیان اتحاد قائم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ 

جے یو پی کے سیکرٹری جنرل قاری محمد زوار بہادر نے کہا کہ کراچی میں 300 افراد کا آگ میں جلا کر راکھ کردینا انتہائی قابل مذمت ہے، اس کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خبریں گشت کررہی ہیں کہ 5 کروڑ کے بھتہ کے لئے فیکٹری کو آگ لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنا دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 196053
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش