0
Tuesday 18 Sep 2012 23:19

امریکی غلامی میں حکمرانوں نے بے ایمانی کی تمام حدیں پار کردی ہیں، مشتاق احمد خان

امریکی غلامی میں حکمرانوں نے بے ایمانی کی تمام حدیں پار کردی ہیں، مشتاق احمد خان

اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان کا کہنا ہے کہ امریکی مفاد کے لئے پختون قوم کے سروں کا سودا اے این پی کا کاروبار بن گیا ہے۔ امریکی غلامی میں حکمرانوں نے بے ایمانی کی تمام حدیں پار کردی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی کے علاقہ اسوٹا شریف میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر علاقہ کی کئی سرکردہ شخصیات نے اے این پی سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے کہا کہ اے این پی باچا خان کی خدائی خدمتگار پارٹی نہیں رہی۔ امریکی مفاد کے لئے پختون قوم کے سروں کا سودا اے این پی کا کاروبار بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اے این پی کا ایجنڈا مسلمانوں کی دل آزاری ہے۔ اسی لئے وہ کبھی پاکستان کے اسلامی تشخص کو مٹانے کے لئے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی بجائے عوامی جمہوریہ پاکستان کا نام تجویز کرتی ہے۔ کبھی صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے لئے مسلمان ہونے کی شرط کا خاتمہ چاہتی ہے۔ کبھی اس کے رہنماء کہتے ہیں کہ اللہ اکبر کا دور ختم ہوچکا، راجہ داہر کو ہیرو اور محمد بن قاسم کو ڈاکو کہنا اور ہم جنس پرستی کی حمایت کرنا اے این پی کی سیاست کا وطیرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مقصد اللہ کی زمین پر اللہ کے بندوں پر اللہ کا نظام قائم کرنا ہے۔ جماعت اسلامی برسر اقتدار آکر قرآن کی بے حرمتی نہیں ہونے دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مسجد و ممبر اور شعائر اسلام کا تحفظ کریں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نیلام گھر بنا کر قیمتی اثاثے اونے پونے داموں بیچ کر ملک کو صنعتی قبرستان بنا دیا گیا ہے۔ چیئرمین نیب فصیح بخاری کے مطابق پاکستان میں روزانہ 8 ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی غلامی میں ہمارے حکمران ہاتھ باندھ کر کھڑے ہیں۔ امریکہ نے اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے پیغمبر اسلام (ص) کی شان میں گستاخانہ فلم بنا کر عالم اسلام سے دشمنی مول لے لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنی طاقت کے نشے میں بدمست گھوڑے کی طرح بے قابو ہوا جارہا ہے لیکن اس کو اپنی موت افغانستان لے کر آئی ہے اور اب دنیا بھر میں ذلت اور رسوائی امریکہ اور اس کے حواریوں کا مقد رہے۔

خبر کا کوڈ : 196543
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش