0
Friday 21 Sep 2012 19:55
امت مسلمہ سامراجی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریگی

گستاخانہ فلم مختلف فرقوں اور مذاہب کے درمیان اختلافات کی صہیونی سازش ہے، ڈاکٹر احمدی نژاد

گستاخانہ فلم مختلف فرقوں اور مذاہب کے درمیان اختلافات کی صہیونی سازش ہے، ڈاکٹر احمدی نژاد
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے ملت ایران کے دفاع مقدس کو قوموں کی خود مختاری اور انسانی اھداف حاصل کرنے کے لئے ایک عظیم واقعہ اور گرانقدر تجربہ قرار دیا ہے۔ صدر مملکت احمدی نژاد نے آج بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی قدس سرہ کے مزار کے سامنے ہفتہ دفاع مقدس کی مناسبت سے مسلح افواج کے پریڈ سے خطاب میں کہا کہ آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران ملت ایران کی قربانیان اور ایثار ایسا گرانقدر تجربہ ہے، جس سے استفادہ کرتے ہوئے قومیں خودمختاری اور انسانی اھداف حاصل کرسکتی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ قومیں ملت ایران کے نقش قدم پر چل کر اپنے یہ اھداف حاصل کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کے دوران دشمنوں نے ملت ایران کے خلاف بڑی سازشیں کیں، لیکن ملت ایران کی دلیری اور ایثار سے یہ ساری سازشیں ناکام ہوگئيں۔ ڈاکٹر احمدی نژاد نے ملت ایران کی ترقی و سربلندی کو آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران مسلح افواج کی قربانیوں کا مرہون منت قرار دیا اور کہا کہ مسلح افواج نے اسلامی انقلاب کے اقدار اور ثمرات نیز علاقے میں امن و استحکام کی پاسدار ہیں۔ 

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ہفتہ دفاع مقدس ملت ایران کی خود مختاری اور اتحاد و انسجام کا مظہر ہے۔ ڈاکٹر احمدی نژاد نے مسلح افواج کے پریڈ سے خطاب میں کہا کہ ملت ایران دفاع مقدس کی طرح آج بھی انسانی کرامت و وقار، دنیا میں عدل و انصاف کے قیام اور حریت پسند قوموں کی خود مختاری کی خواہاں ہے اور ان امور کی برقراری پر تاکید کرتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دنیا پر حاکم تسلط پسند نظام کا حتمی ہدف قوموں کو ترقی سے روکنا اور ان کے حوصلے پست کرنا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ قوموں کو سامراج کے تسلط سے نجات حاصل کرنے کے لئے متحد رہنا چاہیے اور اپنی توانائیوں پر بھروسہ کرتے ہوئے ترقی اور خود مختاری کا راستہ طے کرنا چاہیے۔
 
ڈاکٹر احمدی نژاد نے بعض ایسے ممالک میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کو جو خود کو آزادی بیان کا دعویدار کہتے ہیں، عالمی صیہونیت کی سازش قرار دیا اور کہا کہ اس سازش کا مقصد فرقوں اور مذاہب کے درمیاں اختلافات ڈالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سازشیں علاقے میں صیہونی حکومت کی حفاظت کی غرض سے رچائی جا رہی ہیں۔ ایرانی صدر نے کہا کہ مغربی ممالک صیہونیوں کی سازشوں کو عملی جامہ پہناتے ہیں، لیکن امت مسلمہ ان سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور ان کا منہ توڑ جواب دے گی۔
 
یاد رہے اکیس ستمبر کو عراق کے سابق خونخوار ڈکٹیٹر صدام نے اپنے سامراجی آقاؤں کے ایما پر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بھرپور جنگ شروع کر دی تھی، جو آٹھ برسوں تک جاری رہی تھی۔ اس دن ہر سال ایران میں ہفتہ دفاع مقدس شروع ہوتا ہے، جس میں اپنے وطن و دین کا دفاع کرنے میں ملت ایران کے ایثار و بہادری کی یاد منائی جاتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 197344
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش