0
Saturday 22 Sep 2012 12:41

ملتان میں 200 سے زائد مقامات پر گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاجی ریلیاں

ملتان میں 200 سے زائد مقامات پر گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاجی ریلیاں
اسلام ٹائمز۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی جوش و خروش سے یوم عشق رسول (ص) منایا گیا، شہر بھر میں 200 سے زائد مقامات پر گستاخانہ فلم کے خلاف ملتان کی مذہبی، سیاسی، سماجی، صحافی اور تاجر تنظیموں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں، ریلیوں کے شرکاء نے اپنی اپنی جماعتوں کے جھنڈوں کے علاوہ بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے، جن پر امریکہ اور اسرائیلی مخالف قراردادیں اور نعرے درج تھے، ریلیوں کا آغاز نماز جمعتہ المبارک کے بعد ہوا، جو کہ مختلف راستوں سے ہوتی ہوئیں چوک گھنٹہ گھر پہنچیں، جہاں جماعتہ الدعوہ کی جانب سے جلسے کا اہتمام کیا گیا تھا، جلسے سے تحفظ ختم نبوت (ص) کے سربراہ مولانا امیر حمزہ، امیر جماعت اسلامی ملتان پروفیسر افتخار چوہدری، ناظم تحریک منہاج القرآن محمد اقبال، جمعیت علمائے پاکستان ملتان کے امیر محمد ایوب مغل، مفتی ہدایت اللہ پسروری اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔ 

احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ہم سب کچھ قربان کر سکتے ہیں لیکن شان رسالت (ص) میں گستاخی قبول نہیں کر سکتے، اُنہوں نے کہا کہ امریکہ کو جان لینا چاہیے کہ مسلمان آپس میں متحد ہیں اور شان رسالت (ص) میں گستاخی کرنے والوں کو کیفر کردار تک ضرور پہنچائیں گے، جلسے میں شامل ہونیوالی مختلف ریلیوں کے شرکاء نے امریکی اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کیے اور بھرپور نعرے بازی کی، اس موقع پر ریلیوں میں شریک افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور یورپین سفارتکاروں کو ملک بدر کیا جائے اور گستاخ رسول (ص) کو مسلمانوں کے حوالے کیا جائے، اُنہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے جذبات کو اُس وقت تک سکون نہیں ملے گا جب ملعون پادری اپنے انجام کو نہیں پہنچ جاتا۔ 

ریلی کے شرکاء نے اوباما، جان کیری اور ٹیری جونز کے پُتلے نذر آتش کر کے اپنی نفرت کا اظہار کیا، ملتان میں مجموعی طور پر نکالی جانے والی ریلیاں پُرامن تھیں، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تعینات کی گئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 197432
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش