0
Monday 1 Oct 2012 17:13

گرلز گائیڈز کا بنیادی مقصد خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے، مہدی شاہ

گرلز گائیڈز کا بنیادی مقصد خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے، مہدی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ گرلز گائیڈز کا بنیادی مقصد لڑکیوں اور خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے اور انہیں آگے بڑھنے کے لئے رہنمائی کرنا ہے، کسی بھی معاشرے میں خواتین کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے۔ گلگت بلتستان میں روزگار کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے خواتین میں بے روزگاری کی شرح بہت زیادہ ہے، معاشرتی رسوم و رواج کی وجہ سے علاقے میں خواتین تعلیم اور صحت کے علاوہ کسی اور شعبے میں ملازمت کرنا مناسب نہیں سمجھتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے رضا کارانہ خدمات سر انجام دینے والی گرلز گائیڈز کو شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جس میں پولیس کے ساتھ ساتھ دوسرے محکموں میں خواتین کی ملازمتوں کے لئے خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے، اس کے علاوہ موجودہ جمہوری حکومت شہید بی بی کے وژن کے مطابق گلگت بلتستان کی خواتین کی ترقی کے لئے ہر ضلع میں پولیس اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، نادرا آفس اور فرسٹ وویمن بنک کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے تاکہ گلگت بلتستان کی خواتین بھی ملک کے دوسرے شہروں کی خواتین کے شانہ بشانہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

انہوں نے گرلز گائیڈ کی کمشنر سے کہا کہ وہ گلگت بلتستان میں بھی گرلز گائیڈز کے صوبائی آفس کا قیام عمل میں لائیں تاکہ یہاں کی خواتین کو بھی ملکی سطح پر ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کا موقع مل سکے۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کی سالانہ گرانٹ ایک لاکھ سے بڑھا کر دس لاکھ روپے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں گرلز گائیڈز کو زمین فراہم کی گئی ہے، موجودہ حکومت نہ صرف زمین فراہم کرے گی بلکہ بلڈنگ کی تعمیر کے پی سی ون کو بھی اس سال کے ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت نے عوام سے جو بھی وعدے کئے ہیں ان کو پورا کیا ہے اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کو میں داد دیتا ہوں کہ انہوں نے ملک اور علاقے کے عوام کے امنگوں کی ترجمانی کی ہے اور اگر آج وہ صدر پاکستان نہ ہوتے تو گلگت بلتستان نے صوبہ بھی نہیں بننا تھا۔ ان کی سیاسی بصیرت ہے کہ شہید بی بی اور شہید بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے گراس روٹ پر عوام کو فائدہ پہنچانے کے لئے ناقابل فراموش اقدامات اٹھائے ہیں۔

تقریب کے دوران گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی اعزازی صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں گرلز گائیڈز کو مزید فعال کیا جائے گا اور یہاں پر گرلز گائیڈز کو در پیش تمام مشکلات حل کی جائینگی۔ انہوں نے صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گرلز گائیڈز کے ساتھ وزیراعلیٰ نے ہر ممکن تعاون کیا ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ تقریب کے دوران پاکستان گرلز گائیڈز ایسوسی ایشن کی نیشنل کمشنر مسز فرحانہ عظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 سال سے 22 سال تک کی لڑکیاں گرلز گائیڈز بن سکتی ہیں۔ پاکستان گرلز گائیڈز کا مقصد لڑکیوں کو وہ مواقع فراہم کرنا جس کے ذریعے سے وہ رضاکارانہ خدمات سر انجام دے سکیں، اس مقصد کے لئے لڑکیوں کے سیمینارز اور ورکشاپ منعقد کروائی جاتی ہیں تاکہ جونیئر اور سینئرز گائیڈز معاشرے میں شعور آگاہی پھیلانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں اور ان کی وجہ سے معاشرے میں مثبت تبدیلیاں آ سکیں۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی سید مہدی شاہ نے رضاکار گرلز گائیڈز میں شیلڈ اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔
خبر کا کوڈ : 200095
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش