0
Thursday 4 Oct 2012 01:15

مسلم لیگ ن کبھی بھی بہاولپور صوبہ بحال نہیں کرائیگی، جاوید ہاشمی

مسلم لیگ ن کبھی بھی بہاولپور صوبہ بحال نہیں کرائیگی، جاوید ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف بہاولپور صوبہ کے حق میں ہے، لیکن مسلم لیگ ن کبھی بھی بہاولپور صوبہ بحال نہیں کرائیگی، بہاولپور کی قیمتی شہری املاک فروخت کرکے لاہور پر لگائی جارہی ہیں، جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف مخدوم جاوید ہاشمی نے جھانگی والا بہاولپور میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پی پی پی بہاولپور کے عوام کو جھانسہ دے رہی ہیں، عوام انکی شعبدہ بازیوں میں نہ آئیں، پاکستان تحریک انصاف ہی وہ واحدجماعت ہے جوکہ بہاولپور کے عوام کی امنگوں کے مطابق بہاولپور صوبہ بحال کرائیگی۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے صرف پنجاب اسمبلی میں قرارداد پاس کرکے اور پی پی پی نے ریفرنس سپیکر کو بھیج کر عوام کو طفل تسلیاں دیں ہیں جبکہ عملی طور پر کسی نے کوئی قدم نہیں اٹھایا، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے وفاقی بجٹ میں بہاولپور صوبہ کیلئے کوئی رقم مختص نہیں کی اور نہ ہی پنجاب حکومت کو این ایف سی ایوارڈ کی مجوزہ رقم میں بہاولپور صوبہ کا حصہ جوکہ 25 فیصد بنتا ہے اسکو بھی مختص نہیں کیا گیا، جس سے ظاہر ہے کہ دونوں سیاسی جماعتیں ن لیگ اور پی پی پی عوام کو صوبہ کے نام پر بیوقوف بنا رہی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور فی الفور یہاں کی عوام کا آئینی و قانونی حق بہاولپور صوبہ بحال کرے، اب کسی کو بہاولپور کے عوام کے جذبات سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے عوام اب باشعور ہوچکے ہیں، وہ کسی کے کھوکھلے نعروں یا دعوئوں سے بہلنے والے نہیں، ہم حکمرانوں پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ بہاولپور صوبہ ایک اٹل حقیقت ہے، اسکی تاریخی حیثیت کو مسخ نہیں کیا جاسکتا۔
خبر کا کوڈ : 200669
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش