0
Wednesday 10 Oct 2012 23:52

ایرانی قوم اپنے اتحاد و وحدت سے پابندیوں کی جنگ میں بھی دشمن کو شکست دے گی، سید علی خامنہ ای

ایرانی قوم اپنے اتحاد و وحدت سے پابندیوں کی جنگ میں بھی دشمن کو شکست دے گی، سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ انقلاب اسلامی ایران کے سربراہ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک کی جانب سے اقتصادی پابندیاں بربریت ہیں، جن کو شکست دیدی جائے گی۔ ایران کے شمال مشرقی صوبے خراسان کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انقلاب اسلامی کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ مغرب کی جانب سے اقتصادی پابندیاں ایک قوم کے خلاف جنگ ہیں، لیکن ایران ان سب کو شکست دے دے گا، انہوں نے کہا کہ جوہری پروگرام کے پرامن مقاصد کے استعمال کی یقین دہانی پر پابندیاں اٹھانے کا بھی مغرب نے جھوٹ بولا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ مغرب کی پابندیوں کی اصلی وجہ ملت ایران کی سربلندی اور خود مختاری کا جذبہ ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے آج صوبہ خراسان شمالی کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر پابندیاں کوئی نیا مسئلہ نہيں ہیں، بلکہ یہ گذشتہ تینتیس برسوں سےجاری ہيں۔ انکا کہنا تھا کہ امریکہ اور یورپ نے پابندیوں کو ایران کے ایٹمی مسئلے سے جوڑ رکھا ہے، لیکن وہ ایسا کہتے ہوئے جھوٹ بولتے ہيں، کیونکہ ملت ایران پر اس وقت سے پابندیاں عائد ہيں جب ابھی ایٹمی مسئلہ شروع بھی نہيں ہوا تھا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے پابندیوں کو غیر منطقی اور دشمن کے کینے اور بغض کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے تاکید کی کہ پابندیاں عائد کرنے والے جھوٹ بولتے ہيں کہ اگر ایٹمی سرگرمیاں روک دی جائیں تو پابندیاں اٹھالی جائیں گی۔ 

اسلامی انقلاب کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کی سربلندی اور خود مختاری کا جذبہ قرآن کریم اور اسلام کی برکت سے حاصل ہوا ہے اور اسی وجہ سے دشمن اسلام کا مخالف ہے، اور پیغمبر اسلام (ص) کی شخصیت کی توہین کرتا ہے، کیونکہ وہ جانتا ہے کہ جب کسی قوم میں اسلام نفوذ کر جاتا ہے تو اس قوم میں خود مختاری کا جذبہ پیدا ہو جاتا ہے اور وہ زور و زبردستی کے سامنے نہيں جھکتی۔ رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران قوم اور حکام کی ہوشیاری سے مشکلات سے باہر نکل آئے گا اور جس طرح علاقے کی تاریخ میں انقلاب پیدا کیا ہے، اسی طرح دنیا کی تاریخ کو بھی بدل کر رکھ دے گا۔

انقلاب اسلامی ایران کے سربراہ  نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اسلام کی نظر میں پیشرفت اور ترقی کی تعبیر مغرب کی محدود پیشرفت کی سے مختلف ہے، ان کا کہنا تھا کہ مغرب صرف مادی پیشرفت کو ترقی سمجھتا ہے اور مال و دولت اور عسکری و ٹیکنالوجی کے میدان میں پیشرفت کو ہی ترقی گردانتا ہے۔ جبکہ اسلام کی نظر ميں پیشرفت کے بہت سے پہلو ہیں اور اس میں علم، اخلاق، رفاہ عامہ، معیشت، بین الاقوامی اقتدار اور سیاسی خودمختاری بھی شامل ہے، اور اس کے ساتھ ہی بندگی، تقرب الہی بھی ترقی کا مفھوم رکھتی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے تاکید کی کہ پیشرفت اور ترقی کا یہ مفھوم جس میں دنیا اور آخرت دونوں پر توجہ دی گئی ہے، ایران کے اسلامی انقلاب کا حتمی مقصد رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 202626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش