0
Friday 12 Oct 2012 19:37

دہشت گردوں نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے،سنی تحریک

دہشت گردوں نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے،سنی تحریک
اسلام ٹائمز۔ ملالہ یوسف زئی پر حملے کے خلاف سنی تحریک کا ملک گیر احتجاج، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، پشاور، سکھر سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں، جلوس اور سیمینار منعقد کئے گئے جبکہ لاہور بھر کی مساجد میں یومِ دعا منایا گیا اور تمام مساجد میں ملالہ یوسف زئی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ سنی تحریک لاہور ڈویژن کے صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان نے مدینہ مسجد مغلپورہ میں خطبہ جمعہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد مذہبی ٹھیکیدار پاکستان کو شدت پسند ریاست ثابت کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن پسند قوتیں دہشت گردوں کے خلاف آواز بلند کر کے انسانی اخلاقی، سیاسی حق ادا کریں، دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں سنی تحریک پاک فوج کے ساتھ ہے، قبائلی علاقہ جات، کراچی اور بلوچستان میں انتہاء پسند دہشت گردوں نے ملک کی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے اور آج پوری دنیا میں اسلام اور پاکستان کے تشخص کو خراب کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں دہشت گردوں کے خلاف حکومتی سطح پر شعور اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

علامہ مجاہد الرسول نے کہا کہ علماء حق و مشائخ عظام مدارس اور خانقاہوں سے باہر نکل کر اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کے خلاف آواز بلند کریں اور اسلام کے حقیقی فلسفے کا پرچار کریں، آرمی چیف کے اس عزم کا خیر مقدم کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے تمام محب وطن قوتوں کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہو گا، پاکستان ہے تو ہم ہیں اور پاکستان ہی ہماری شناخت ہے، پاکستان بنانیوالوں کی اولادیں پاکستان کے تحفظ کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگی۔
خبر کا کوڈ : 203015
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش