0
Thursday 11 Oct 2012 19:25

پاکستان سنی تحریک اول روز سے طالبان کے خلاف برسر پیکار ہے، ثروت اعجاز قادری

پاکستان سنی تحریک اول روز سے طالبان کے خلاف برسر پیکار ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ انتہاء پسند دہشت گرد اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں جو اپنا خود ساختہ مذہب طاقت کے زور پر مسلط کرنے کے درپے ہیں۔ پاکستان سنی تحریک اول روز سے ہی انتہاء پسند دہشت گرد نام نہاد طالبان کے خلاف برسر پیکار ہے۔ علماء اہلسنّت نے جب ان کے مکروہ چہروں اور عزائم سے عوام کو روشناس کیا تو ان بدبختوں نے ممتاز عالم دین پیر سمیع اللہ چشتی کو شہید کردیا اور ان کے جسد خاکی کو قبر سے نکال کر کئی دن تک درخت پر لٹکا کر رکھا جبکہ مفتی ڈاکٹر سرفراز احمد نعیمی کو بھی خودکش حملے حرام قرار دینے پر شہید کردیا گیا۔ حکومت مصلحت پسندی کی بجائے انتہاء پسند دہشت گردوں کے خلاف ہر ممکن کارروائی عمل میں لائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنّت پر معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ظلم و ستم بربریت سے حق کا پرچار کرنے والوں کو نہیں روک سکتے۔ ملالہ یوسف زئی کی لڑکیوں کی حصول تعلیم اور امن کے پرچم کو بلند کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ایک بھی حسینی زندہ ہے انتہاء پسند دہشت گرد اپنے ناپاک مقاصد میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوسکتے۔ انتہاء پسند دہشت گرد مسلمان تو دور انسان کہلانے کے بھی قابل نہیں ہیں۔ علماء کرام، پیران عظام اپنی خانقاہوں، مدارس سے باہر نکل کر اسلام کے حقیقی فلسفے کو عام کریں اور انتہاء پسند دہشت گرد جو اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں ان کی ہر سطح پر نفی کرنے کے لیے عوام میں شعور اجاگر کریں۔ اسلام تو مرد و عورت کو تعلیم حاصل کرنے کا درس دیتا ہے جب کہ یہ انتہاء پسند دہشت گرد تعلیم کے دشمن اور اپنا خود ساختہ بناوٹی مذہب عوام پر مسلط کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کر رہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی بجائے کم ہے۔ اسلام میں بگاڑ کرنے والوں کا ہر سطح پر ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ عوام اب نام نہاد طالبان کو پہچان لیں جو انسانیت کے قاتل اور ملک کو کھوکھلا کرنے کے درپے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 202823
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش