0
Saturday 13 Oct 2012 19:52

ہماری جدوجہد اسلام آباد نہیں اسلام کے لیے ہے،فضل کریم

ہماری جدوجہد اسلام آباد نہیں اسلام کے لیے ہے،فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ امریکہ اور طالبان انسانیت پر رحم کریں، امریکہ ڈرون حملے اور طالبان خودکش حملے بند کر دیں، ڈرون حملوں پر عالمی برادری اور عالمی میڈیا کیوں خاموش ہے، قوم امریکہ یا طالبان کی دہشت گردی کی شکار ہر ملالہ کے لیے آواز اٹھائے اور صوفیاء کے ماننے والے اہل حق پاکستان بچانے کے لیے میدان میں اتر آئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماء و مشائخ اور عوام کے نام جاری کئے گئے کھلے خط میں کیا ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی کے ساتھ زخمی ہونے والی دو بچیوں سعدیہ اور کائنات کی بھی فکر کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پسماندہ رکھنے کے لیے دہشت گردی کو فروغ دیا جا رہا ہے، دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے صوفی ازم کو اپنانا ہو گا کیونکہ صوفی ازم برداشت، پیار، محبت، اخوت اور انسان دوستی کا درس دیتا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ حقیقی علماء قتل ناحق کے خلاف آواز اٹھائیں اور اسلام کا صحیح فلسفۂ جہاد قوم کے سامنے پیش کریں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ہماری جدوجہد اسلام آباد نہیں اسلام کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے سربراہان مزار قائد پر کھڑے ہو کر دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کا عہد کریں اور ’’میثاقِ امن‘‘ پر دستخط کریں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آرمی چیف کا عزم پورے پاکستان کی آواز ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ مذہبی راہنما عسکریت پسندی کی حوصلہ شکنی کریں اور مصلحتوں کو چھوڑ کر قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو جان لینا چاہیے کہ امریکہ پاکستان کا دوست نہیں دشمن ہے اور پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے ڈالروں کا لالچ دے کر دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل گستاخانہ فلم کے خلاف تحریک کو دبنے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے شروع ہونے والا تحفظ ناموس رسالت مارچ امریکا اور اس کے غلاموں کے لئے واضح پیغام ہو گا کہ مصطفی (ص)کے دیوانے ان سے شدید نفرت کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 203240
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش