0
Monday 15 Oct 2012 01:26

مستقبل قریب میں مقبوضہ کشمیر سے افسپاء کی واپسی خارج از امکان ہے، سوشیل کمار شنڈے

مستقبل قریب میں مقبوضہ کشمیر سے افسپاء کی واپسی خارج از امکان ہے، سوشیل کمار شنڈے
اسلام ٹائمز۔ بھارت نے مستقبل قریب میں مقبوضہ کشمیر سے افسپاء کی واپسی کو بعید از قیاس قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ابھی ریاست میں صورتحال اتنی بہتر نہیں کہ متنازعہ قانون کی واپسی کا عمل شروع کیا جائے، بھارتی وزیر داخلہ سوشیل کمار شنڈے نے کہا ہے کہ وادی میں امن و قانون کی صورتحال بہتر ہوئی ہے لیکن ہم اس نازک وقت پر کوئی خطرہ مول نہیں لے سکتے، انہوں نے کہا کہ صورتحال میں جوں جوں مزید بہتری آئے گی افسپاء کی جزوی واپسی مرحلہ وار بنیادوں پر عمل میں لائی جائے گی۔ اپنے سہ روزہ دورہ جموں و کشمیر کے آخری روز علمدار کشمیر حضرت شیخ نور الدین نورانی (رہ) کی زیارتگاہ میں حاضری دینے کے بعد بھارتی وزیر داخلہ سوشیل کمار شنڈے نے ریاستی کانگریس کے مرکزی دفتر سرینگر پر ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کیا۔
 
اس موقعہ پر کانگریس کے ریاستی صدر پروفیسر سیف الدین سوز کے علاوہ نائب وزیر اعلیٰ تارا چند، کئی ریاستی وزراء، سینئر لیڈران اور سرگرم اراکین کانگریس بھی موجود تھے۔ پارٹی ورکروں اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے، جس نے کبھی ہندوستانیوں میں مذہب، علاقہ یا زبان وغیرہ کے معاملے پر کوئی فرق نہیں کیا، انہوں نے پارٹی لیڈران اور عہدیداروں کو جموں و کشمیر میں کانگریس کو مضبوط بنانے کی تلقین کرتے ہوئے واضح کیا کہ کانگریس ہمیشہ سے ہی جموں و کشمیر میں خوشحالی، ترقی اور پائیدار امن کی خواہاں رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 203567
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش