0
Wednesday 17 Oct 2012 17:22

پوری امت مسلمہ ناموس رسالت کے مسئلہ پر اکٹھی ہو جائے، لبیک یارسول اللہ ریلی

پوری امت مسلمہ ناموس رسالت کے مسئلہ پر اکٹھی ہو جائے، لبیک یارسول اللہ ریلی
اسلام ٹائمز۔ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی غیرت ایمانی کو چیلنج کرنیوالے کبھی سکون کی نیند نہیں سو سکتے، اسلام امن کا دین ہے لیکن فساد کے خاتمے کے لیے جہاد کا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیتا ہے لہذا وقت آ گیا ہے پوری امت مسلمہ ناموس رسالت کے مسئلہ پر اکٹھی ہو جائے اور دھڑکن نبی کریم (ص) کی ناموس کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔ یہ بات تحفظ ناموس رسالت محاذ کے صدر علامہ رضائے مصطفی نقشبندی نے محاذ کے زیراہتمام ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک ’’لبیک یارسول اللہ ریلی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ پر حملہ کرنے والے مسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن ہیں اور امریکہ کے سب سے بڑے دوست ہیں۔

انہوں نے کہا یارسول اللہ کہنے والے اہل سنت امریکی ظالمان کے روز اول سے دشمن ہیں اور رہیں گے شہید پاکستان ڈاکٹر سرفراز نعیمی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شہادت کا جام نوش کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ تحفظ ناموس رسالت محاذ کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد علی نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک امت مسلمہ کے حکمران گستاخان رسول کے خلاف سزائے موت کا قانون منظور نہیں کرائیں گے دنیا میں امن نہیں ہو سکتا، ملالہ پر حملہ کرنے والے مولوی فضل اللہ کو انصاف کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور سرعام پھانسی پر لٹکایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت توسیع روڈ کے دوران مزارات اولیاء کو شہید کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کرے، اگر ایل ڈی اے کے افسران کے خلاف مزارات کو مسمار کرنے کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو ناموس مزارات تحریک شروع کی جائے گی۔

ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ مولانا راغب حسین نعیمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام حقیقت پسند مذہب ہے یہود وہنود گستاخان رسول کو زیادہ دیرعاشقان رسول سے چھپا نہیں سکتے ان شاءاللہ ہر گستاخ رسول کو واصل جہنم کر کے دم لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اہل سنت امریکی ظالمان کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے امریکی توہین آمیز فلم کے مسئلہ پر امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کرنی چاہیے تاکہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کی جا سکے۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے پنجاب اسمبلی چوک میں عاشقان رسول سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی زبان بولنے والوں کو لگام دینے کا وقت آ گیا ہے مسلمان اپنے نبی کی ناموس پر مر مٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے تمام انبیاء کرام کی ناموس کا قانون منظور کرانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملالہ اسلام کا خوبصورت چہرہ ہے ملالہ کو ملال دینے والوں کا محاسبہ کرنا وقت کی ضرورت ہے آئندہ الیکشن میں سنی اتحاد کونسل پاکستان اپنے انتخابی نشان پر پورے ملک میں الیکشن میں حصہ لے گی اہل سنت متحد ہو چکے ہیں بارود والوں کا درود کے ساتھ مقابلہ کریں گے، حقیقی طالبان اہل سنت ہیں ملالہ پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور کیا جائے اور ظالمان کیخلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ممتاز قادری امت مسلمہ کا ہیرو ہے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین امریکہ اور برطانیہ کی خوشنودی کے لیے ممتاز قادری کے اور ان کے حامیوں کے خلاف بیان بازی بند کریں ورنہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ گستاخان رسول کو سپورٹ فراہم کر رہا لہذا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ امریکہ کے خلاف گلی گلی، محلہ محلہ شہر شہر ’’تحریک نفرت‘‘ شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سے اقوام متحدہ کا دفتر کسی اور ملک شفٹ کیا جائے اور اسلامی ممالک کے حکمران اپنی اسلامی اقوام متحدہ تشکیل دینے کا اعلان کریں۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عاشقان رسول امریکی فلم کے خلاف سراپا احتجاج رہیں گے، تمام انبیاء کرام کی ناموس کے حوالے سے عالمی قانون بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے صوفیاءکرام کے ماننے والے کسی بے عقیدہ کو ووٹ نہ ڈالیں، ہم بلٹ سے نہیں بیلٹ سے تبدیلی لیں کر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک حقوق اہل سنت کی جنگ ہر محاذ پر لڑتی رہے گی، اہل سنت کے اکابرین نے پاکستان بنایا تھا لہذا اہل سنت اقتدار میں آ کر ملک سے کرپشن کا خاتمہ کر دیں گے، ظالمان کے فساد کو ختم کرنے کے لیے جہاد وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ممتاز قادری کے خلاف الطاف حسین بیان بازی بند کریں کراچی میں پاکستان سنی تحریک کے کارکنوں کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، لاشیں اٹھا اٹھا کر تنگ آ گئے ہیں، محب وطن شہریوں کو سرعام قتل کرنے والوں کو لگام دی جائے ورنہ گولی کا جواب گولی سے دیں گے اب زیادہ دیر پرامن نہیں رہ سکتے۔

علامہ پیر محمد اطہر القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اور پاکستان کی اصل روح دو قومی نظریہ ہے مولانا احمد رضا سیالوی نے کہا کہ ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے کفن باندھ کر میدان میں آنے کے لیے تیار ہیں، اسلام دنیا میں پھیلنے کے لیے آیا ہے لہذا فتح اسلام کی ہے۔ مولانا مرتضیٰ علی ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممتاز قادری کے خلاف بیان بازی بند کی جائے غازی علم الدین شہید کے پیروکار ہر دور میں پیدا ہوتے رہیں گے۔ مولانا بشیر احمد نظامی اور حاجی پیر محمد شفیق کیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عشق رسول کی دولت دنیا کی ساری دولتوں سے بڑھ کر ہے۔

مولانا اصغر علی نورانی اور مفتی محمد حسیب قادری نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے لہذا عالمی برداری امت مسلمہ کے بنیادی عقائد کو سمجھنے کی کوشش کرے مفتی محمد کریم خان اور محمد نواز کھرل نے کہا کہ مغرب اسلام کے پھیلاؤ سے پریشان ہونے کی بجائے اسلام کا مطالعہ کرے۔ مفتی محمد عمران اور محمد ضیاءالحق نقشبندی نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب امریکہ اور برطانیہ میں مسلمانوں کی حکومت ہو گی۔ دیگر مقررین میں مفتی محمد اقبال چشتی، صاحبزادہ بشیر احمد یوسفی، مولانا اعجاز اشرفی، مولانا نواز بشیر جلالی، مولانا شمس الدین بخاری، مولانا شاہد غوری، مولانا سردار علی، مولانا شاداب رضا نقشبندی، پیر عاشق اللہ اور دیگر شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 204304
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش