0
Tuesday 23 Oct 2012 21:30

پرویز مشرف کو انٹر پول کے ذریعے پاکستان لایا جائے، لیاقت بلوچ

پرویز مشرف کو انٹر پول کے ذریعے پاکستان لایا جائے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق ممبر قومی اسمبلی سردار عبدالرؤف مینگل نے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، ظفر جمال بلوچ، امیرالعظیم، عبدالحفیظ احمد، سلمان بلوچ اور عابد میر شریک تھے۔ اس موقع پر سردار عبدالرؤ ف مینگل نے بلوچستان کے مسائل پر جماعت اسلامی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار اختر مینگل کی پاکستان آمد اور سپریم کورٹ میں اپنا موقف پیش کرنے اور قومی قائدین خصوصاً سید منورحسن اور آپ (لیاقت بلوچ) سے ملاقاتیں بہت مفید رہیں۔

انہوں نے اس بات پرافسوس کا اظہا رکیاکہ حکومت کی طرف سے بلوچستان کے مسئلے پر سردمہری کا مظاہرہ کیاجارہاہے اور اس بارے میں کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں لاپتہ ہونے والے افراد کے خاندان سخت پریشان ہیں انہیں جلد بازیاب ہوناچاہیے جو نوجوان ناراض ہیں وہ احتجاج کررہے ہیں کئی بیرون ملک چلے گئے ہیں اور کئی پہاڑوں پر ہیں حکومت کی طرف سے ان کے خاندانوں کی زندگی تنگ کر دی گئی ہے حالانکہ خاندان والوں کا کوئی قصور نہیں۔

سردار عبدالرؤف نے پنجاب یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ اور بلوچستان کے طلبہ کے درمیان ہونے والے افسوسناک واقعہ کو حل کرنے پر لیاقت بلوچ کی مثبت کوششوں کو سراہا۔ لیاقت بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے مطالبات کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہاں کے عوام کے ساتھ جو وعدے کیے گئے اور مختلف پیکجزکا اعلان کیا گیا ان پر خلوص دل کے ساتھ عملدرآمد ہوناچاہیے۔ بلوچستان کے وسائل پر وہاں کے عوام کا حق تسلیم کیا جانا چاہیے اور انہیں یہ حق ملنا بھی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ نواب اکبر بگٹی کے قتل کے بڑے مجرم پرویز مشرف کو انٹر پول کے ذریعے پاکستان لایا جائے اور اس پر مقدمہ چلایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ لاپتہ افراد کا مسئلہ گھمبیر صورت اختیار کر گیاہے اسے فوری حل ہوناچاہیے اور انہیں بازیاب کرایا جاناچاہیے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں۔ سردار اختر مینگل کا پاکستان آنا اور سپریم کورٹ میں اپنا موقف پیش کرنا خوش آئند ہے۔
خبر کا کوڈ : 206087
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش