0
Wednesday 31 Oct 2012 18:51

نواز شریف سے مسلم لیگ ہم خیال کے رہنماؤں کی ملاقات

نواز شریف سے مسلم لیگ ہم خیال کے رہنماؤں کی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف سے انکی رہائشگاہ رائیونڈ میں حامد ناصر چٹھہ کی قیادت میں مسلم لیگ ہم خیال کے رہنماؤں سلیم سیف اللہ خان، ہمایوں اختر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف، اسحاق ڈار، احسن اقبال، پرویز رشید، خواجہ آصف اور اقبال ظفر جھگڑا، بھی شریک تھے۔

مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق میاں محمد نواز شریف سے مسلم لیگ ہم خیال کے رہنماؤں کی ملاقات کے دوران ہم خیال لیگ کے ساتھ اتحادی اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ فارمولے کے تحت صوبوں میں آئندہ عام انتخابات کیلئے قومی اسمبلی کی 30 نشستیں مختص کرنے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبوں میں مسلم لیگ ہم خیال کو انتخابی نشستیں دینے کیلئے صوبائی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔ صوبہ سندھ میں غوث علی شاہ اور غلام ارباب رحیم، صوبہ خیبر پختونخواہ میں پیر صابر شاہ، اقبال ظفر جھگڑا، مہتاب عباسی اور سلیم سیف اللہ خان، پنجاب میں مسلم لیگ ہم خیال کے رہنماء حامد ناصر چٹھہ اور ہمایوں اختر جبکہ صوبہ بلوچستان میں یار محمد رند مسلم لیگ (ن) کی صوبائی قیادت سے مشاورت کے بعد صوبوں میں قومی اسمبلی کی 30 سیٹوں کی تقسیم کو حتمی شکل دینگے۔

ذرائع کے مطابق سلیم سیف اللہ لکی مروت سے ہی الیکشن لڑینگے تاہم سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بعد انتخابات میں مشترکہ انتخابی نشان کا فیصلہ کیا جائیگا۔ بعدازاں مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کی صدارت میں پارٹی اجلاس ہوا جس میں میاں نواز شریف نے عام انتخابات کے پیش نظر ملک بھر ضلعی کمیٹیاں بنانے اور کارکنوں کو انتخابی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ انہوں نے پارٹی اجلاس میں شریک وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، اسحاق ڈار، پرویز رشید، احسن اقبال، خواجہ آصف، رانا ثناء اللہ اور سردار ذوالفقار کھوسہ کو وزیراعظم راجا پرویز اشرف سے ہونیوالی ٹیلیفونک گفتگو پر اعتماد میں بھی لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے میاں نواز شریف کو یقین دلایا کہ انتخابات مقررہ وقت پر صاف شفاف ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 208016
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش