0
Thursday 1 Nov 2012 20:29

خدائی عذاب امریکہ پر سیلاب بن کر ٹوٹ پڑا ہے، فضل کریم

خدائی عذاب امریکہ پر سیلاب بن کر ٹوٹ پڑا ہے، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل دہشت گردی کے سب سے بڑے سرپرست ہیں، دیہاڑیاں لگانے والے حکمران تاریخ کے بدلتے ہوئے تیور کو سمجھیں، امریکہ اسلام، پاکستانی فوج، پاکستانی ایٹمی ذخائر اور چین سے پاکستان کے تعلقات کو ختم کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہاکہ انقلابِ نظامِ مصطفی کی صدا ہر گھر سے بلند ہو گی، انقلاب کے لیے احتساب اور انتخاب دونوں ضروری ہیں، عوام انتخاب میں احتساب کر کے انقلاب برپا کریں گے،الیکشن ہائی جیک کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، بروقت اور شفاف انتخابات ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتے ہیں، محلات میں رہنے والے محلوں میں رہنے والوں کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے، چند جرنیلوں کا گناہ فوج کا گناہ نہیں بننا چاہیے، دفاعی اداروں کی کردار کشی حب الوطنی نہیں امریکی ایجنڈہ ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ پاکستان کو دولت مند نہیں ہوش مند قیادت کی ضرورت ہے، اسلام پاکستان اور پاکستانیوں کے خمیر میں شامل ہے، حالات بدل رہے ہیں اور انقلابِ نظامِ مصطفی کی فضا تیار ہو رہی ہے، پاکستان کے وفادار ملک کے غداروں کے مقابلے کے لیے متحد ہو جائیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سپرپاور کا دعویدار امریکہ اصل سپرپاور کی زد میں ہے، خدائی عذاب امریکہ پر سیلاب بن کر ٹوٹ پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ظالم اقوام دردناک عذاب کے ساتھ ہلاک کر دی گئیں، آج کے ظالموں کے لیے ان واقعات میں عبرتناک سبق موجود ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ ہزاروں بااثر امراء ٹیکس نہیں دیتے جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، حکومت ٹیکس چوری کو روکنے اور ٹیکس نیٹ میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ نظام مصطفی میں ٹیکس کا شفاف نظام ہے جس کے لاگو کرنے سے معاشرے سے غربت ختم ہو جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 208316
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش