0
Sunday 4 Nov 2012 11:07

زرداری گروپ بھارتی لابی کو خوش کرنا چاہتا ہے، سردار عتیق

زرداری گروپ بھارتی لابی کو خوش کرنا چاہتا ہے، سردار عتیق
اسلام ٹائمز۔ مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے وفاقی سیکرٹری داخلہ صدیق اکبر کی طرف سے جمعہ کے روز عدالت عظمٰی میں دیئے گئے تحریری بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے اور کشمیریوں کی جدوجہد کو بغاوت پر مبنی کہنے پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کا یہ عمل بدنام زمانہ معاہدہ امرتسر سے بھی سنگین تر ہے۔ تحریک آزادی کشمیر میں 2 نومبر زرداری اور پیپلز پارٹی کے ماتھے پر سیاہ ترین دھبہ ہے۔ جو رہتی دنیا تک نہیں دھل سکتا۔ اگر پیپلز پارٹی اعلی عدلیہ میں کشمیر سے تحریری طور پر دستبردار ہو سکتی ہے تو عالمی عدالت انصاف اور یو این او میں بھی دستبرداری کا اعلان کر سکتی ہے۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہائوس مظفرآباد میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

سردار عتیق نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو بھارتی ریاست کہہ کر تاریخی و ناقابل تلافی جرم کیا ہے۔ زرداری حکومت کے اس امر سے مقبوضہ کشمیر پر قابض آٹھ لاکھ فوجیوں کو کشمیریوں کے قتل عام کا لائسنس مل گیا ہے۔ زرداری گروپ بھارتی اور انٹرنیشنل لابی کو خوش کر کے آئندہ انتخابات میں کامیابی اور اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر میں تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کر کے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں گے۔ کارکنان مسلم کانفرنس آج سے ہی صف بندیاں شروع کر دیں۔ 

مسلم کانفرنس کے صدر نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ہزار سال تک کشمیر میں لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن زرداری حکومت نے کشمیر پر سودے بازی کر کے پی پی کے نظریے اور پاکستان کی 65 سالہ پالیسی سے انحراف کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے کارکنان اٹھ کھڑے ہوں زرداری جو کشمیریوں کو گولی کھلانا چاہتے ہیں وہ ہضم نہیں ہو گی۔ پیپلز پارٹی کا ہاتھ کشمیری لیڈر شپ نے ملکر روکنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 208938
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش