0
Sunday 4 Nov 2012 20:24

پنجاب بھر میں مجلس وحدت کے زیراہتمام جشن عید غدیر کی تقریبات

پنجاب بھر میں مجلس وحدت کے زیراہتمام جشن عید غدیر کی تقریبات
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے زیراہتمام پنجاب بھر میں یوم غدیر عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ لاہور میں جشن غدیر مختلف مقامات پر ہوئے محلہ شیعیان اندرون موچی دروازہ میں علامہ حیدر الموسوی نے خطاب کیا۔ امام بارگاہ کاروان ابوطالب ایجرٹن روڈ میں علامہ محمد علی جوہری نے جشن غدیر کے اجتماع سے خطاب کیا۔ اسی طرح اقبال ٹاؤن صوبائی سیکرٹریٹ میں علامہ حسنین عارف نے جشن غدیر کے سلسلے میں منعقد تقریب سے خطاب کیا۔

مقررین نے اس موقع پر اپنے خطابات میں کہا کہ اسلام میں آج کے دن کی اہمیت کو تمام مکاتب فکر کے مسلمہ اور مصدقہ کتب تاریخ میں درج ہیں اور اعلان ولایت پر تمام مکاتب فکر متفق ہیں۔ مریدکے میں جشن غدیر کے اجتماع سے علامہ ابوذر مہدوی ، علامہ محمد فاضلی ،علامہ سر فراز حسینی مسؤل شعبہ تربیت حوزہ علمیہ دمشق اور علامہ حسن ہمدانی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع شیخوپورہ نے خطاب کیا اور غدیر کی اہمیت سے اہل اسلام کو آگاہ کیا۔

رانا ٹاؤن ، حیدر روڈ مسجد علی شیخوپورہ ، ننکانہ صاحب ، فیصل آباد میں بھی بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مولائے کائنات حضرت علی(ع) کے اعلان ولایت پر سیر حاصل گفتگو کی۔ سیالکوٹ میں بھی سب سے بڑ ا اجتماع واپڈا گراؤنڈ میں منعقد ہوا جس میں ہزاروں فرزندان ولایت شریک ہوئے۔ اسی طرح قصور میں جشن غدیر کے اجتماع حاجی صبح صادق سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع قصور کی صدارت میں منعقد ہوا۔

سرگودھا میں علامہ عبدالخالق اسدی صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے اجتماع سے خطاب کیا۔ جشن غدیر کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے خواتین اور بچوں کے لئے عید غدیر فیسٹول اور چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر علامہ اسدی نے کہا کہ آج کا دن تکمیل دین کا دن ہے اور اس عظیم دن حضور نبی اکرم(ص) نے کاررسالت کو پائیہ تکمیل تک پہنچا کر اپنی منصبی ذمہ داری ادا کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ اگر ولایت علی(ع) پر متفق ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اسلام کی جانب میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکے۔
خبر کا کوڈ : 209093
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش