0
Saturday 10 Nov 2012 12:46

دہشتگردوں کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان سنی تحریک پاک فوج کے ساتھ ہے، ثروت اعجاز قادری

دہشتگردوں کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان سنی تحریک پاک فوج کے ساتھ ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدثروت اعجازقادری نے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت ﷺ ریلیوں میں شرکت کرکے قوم نے ریفرنڈم دے دیاکہ انھیں امریکہ کے غلاموں کانہیں بلکہ نبیﷺ کے غلاموں کاپاکستان چاہیے۔ علامہ اقبال ؒ کے مقدس پاکستان میں یہودوہنودکے نظریات ہرگزپروان چڑھنے نہیں دیں گے۔ ملک و قوم کو امریکہ کی غلامی سے نجات دلانے کے لئے تحریک چلائیں گے۔ ہمارے حکمرانوں کا کعبہ مکہ نہیں واشنگٹن میں ہے۔ لیکن وہ یہ جان رکھیں کہ اوباما کے دوبارہ صدر منتخب ہونے سے پاکستان کے بارے میں امریکی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ کسی بھی سیاسی جماعت کو اب سندھ،پنجاب کارڈ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ بلوچستان، کراچی اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے جاری قتل و غارت گری کا بازار فوری بند کیا جائے۔ نام نہادطالبان اسلامی اقدارکی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہے ہیں، وزیرستان میں چھپے دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔

سربراہ سنی تحریک نے کہا دہشتگردوں کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان سنی تحریک پاک فوج کے ساتھ ہے لیکن اگر وزیرستان آپریشن میں مزید تاخیر کی گی تو قوم افواج پر شک کی انگلیاں اٹھا سکتی ہے۔ بلوچستان کے مسئلے پر سیاسی دوکانداری چمکانے والوں کو آنے والی نسل اور وقت کی تیز دھار کبھی معاف نہیں کرئے گی۔ پوری قوم محب وطن بلوچ عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ آزادیء رائے کا بہانہ بنا کر یہود ونصاریٰ مسلمانوں کے ایمانی جذبات سے کھیل رہے ہیں جبکہ عالمی برادری اور خصوصا اقوام متحدہ مٹھی بھر شدت پسند یہود ونصاریٰ کے سامنے بے بس اور لا چار دیکھائی دے رہی ہے۔ توہین رسالت ﷺ اور توہین مذاہب پر اقوام متحدہ میں قانون سازی نہ کی گی تو عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔ تحفظ ناموس رسالت کیلئے انٹرنیشنل سطح پر قانون سازی تک امت مسلمہ چین سے نہیں بیٹھے گی۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے سپورٹس گراؤنڈملتان میں آزادپاکستان کانفرنس کے ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمدثروت اعجازقادری نے کہا کہ آج ہم شاعر مشرق کا 135واں یوم ولادت اس عہد کے ساتھ منا رہے ہیں کہ ان کی افکار کی روشنی میں ہم اس مقام پر پہنچیں گے جس کی وہ مسلمانوں سے توقع کرتے تھے۔ علامہ اقبال کے انقلابی پیغام پر عمل پیراہونے کی ضرورت ہے اگر صرف ساٹھ مسلم ممالک مل کر کام کریں تو ایک نئی دنیا تشکیل دے سکتے ہیں۔ علامہ اقبالؒ اور قائداعظمؒ نے جس مقصد کے حصول کیلئے پاکستان کے قیام کی جدوجہد کی، آج 66 سال کے بعد بھی ہم اس سے کوسوں دور ہیں۔ علامہ اقبال کے فلسفہء عشق و خودی میں آج بھی ہمارے تمام داخلی و خارجی مسائل کا حل موجود ہے۔ مسلم دنیا انقلابی لہر کا سامنا کررہی ہے اور پاکستان کو زیادہ دیر تک اس سے دور نہیں رکھا جاسکتا۔ پاکستانی معاشرہ بنیادی طور پر مذہبی معاشرہ ہے اور قوم نے ہمیشہ مذہبی رہنماؤں کی آواز پر لبیک کہاہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا ختم نبوت، نظام مصطفیؐ اور ناموس رسالت ؐ تحریک اس کی واضح مثال ہیں۔ عوام مہنگائی سے تنگ آئے ہوئے ہیں ، بیروزگاری، بدامنی، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا کی وارداتوں نے عوام کا جینا دو بھر کر دیاہے اس کے باوجو د قوم ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے جان دینے کو تیار کھڑی ہے۔ ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے تمام مسلمان متحدہیں۔ سزائے موت ختم کرنے کا حکومتی فیصلہ شریعت اسلامیہ کیخلاف ہے، اگر عملدرآمد ہوا تو سخت احتجاج کریں گے۔ سزائے موت کا قانون ختم کرنے کی کوشش گستاخ رسول ﷺ کو تحفظ دینا ہے، پاکستان میں تحفظ ناموس رسالت قانون کیخلاف ہونے والی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ یہود ونصاریٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے ملالہ پر سیاست اور غازی ممتاز حسین قادری کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

عاشق رسول غازی ممتاز حسین قادری کا دفاع آئین و قانون کے تحت کریں گے۔ حکومت پاکستان غازی ممتاز حسین قادری کا کیس شرعی عدالت میں چلانے کے لیے احکامات صادر کرے۔ جس شریعت محمد ی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کا اطلاق ایک غیر مسلم غیر پاکستانی پر ہوسکتا ہے تو اس کا نفاذ18کروڑ عوام کے مطالبے پر ایک مسلم پاکستانی پر کیوں نہیں۔ ایک سال سے زائد کا عرصہ گذرنے کے باوجود ممتاز قادری کیس کا ٹرائل شروع نہ کرنا عاشقانِ مصطفی کیلئے تشویش کا باعث ہے۔ ہائی کورٹ ممتازقادری کی سزائے موت کالعدم قراردے کر قادری کو باعزت بری کرے۔ ملالہ جیسی سینکڑوں بچیاں اپنے ماں باپ سمیت ڈرون حملوں کا شکار ہورہی ہیں لیکن مغرب پرستوں کوان سینکڑوں ملالاؤں کا خون کیوں دکھائی نہیں دیتا؟ کراچی میں رو زانہ قتل عام کیا جا رہا ہے مگر میڈیا، عدلیہ، سمیت انسانی حقوق کی تنظیمیں اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کے فتوے کیوں نہیں آتے ؟

ڈیرہ بُگٹی میں مسجدکے باہر اور نارتھ ناظم آباد کراچی میں رینجرز ہیڈکوارٹرز پر بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔پاکستان سنی تحریک دہشتگردی کی تمام کاروائیوں خصوصاً قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف پر تشدد کارروائیوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ حکومت اس دگرگوں صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ برما کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ برما میں ایک منظم سازش کے تحت مسلمان اقلیتوں کو تہ تیغ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، مسلمانوں کے مکانوں کو نذر آتش کیا جارہا ہے ،مساجد اور مدارس کو تالے لگا دیے گئے ہیں اور پوری کوشش کی جارہی ہے کہ برما سے مسلمانوں کے وجود کو مٹا دیا جائے۔

برما میں بسنے والے مسلمان ہمارے بھائی ہیں، ان سے ہمارا ایمان کا رشتہ ہے، ہم انہیں کسی بھی قیمت پر بے یارومددگار نہیں چھوڑیں گے۔ دنیا میں جہاں بھی کسی پر ظلم ہوگا اس پر آواز اٹھائیں گے۔ پا کستان میں ڈراؤن حملے اقوام متحدہ کی امن چارٹر کی نفی کرتے ہیں اورپا کستان کی خود مختاری کی توہین اور بین الاقوامی قوانین کی تذلیل ہیں لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ پاک فوج کو ڈراؤن طیارے مارگرانے کاحکم دے۔ بھارت امریکی اشیر باد کے ساتھ بلوچستان اور کراچی میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا شیطانی کھیل کھیل رہاہے۔ پاکستان کے عوام اچھی طرح آگاہ ہیں کہ انہیں یہ خطرات کشمیریوں کی اصولی حمایت کی وجہ سے لاحق ہیں لیکن قوم ہزاروں کشمیریوں، ماؤں، بہنوں اور نوجوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ بھارت سے کوئی مذاکرات مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پائیدار اور نتیجہ خیز نہیں ہوسکتے۔
خبر کا کوڈ : 210681
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش