0
Sunday 11 Nov 2012 01:17

فرقہ واریت کی بنیاد پر بے گناہ شہریوں کا خون بہانے کا قبیح فعل بند کیا جائے، الطاف حسین

فرقہ واریت کی بنیاد پر بے گناہ شہریوں کا خون بہانے کا قبیح فعل بند کیا جائے، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں شیعہ و سنی مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے طلباء اور افراد کے سفاکانہ قتل کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور ان واقعات کو شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانے کی گھناؤنی سازش قرار دیا ہے۔ انہوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کرکے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان کا اجلاس طلب کریں اور شہر میں بلاامتیاز و تفریق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ قتل کسی شیعہ کا ہو یا سنی کا ہو یہ انسان کا قتل ہے اور ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے لہٰذا فرقہ واریت کی بنیاد پر بے گناہ شہریوں کا خون بہانے کا قبیح فعل بند کیا جائے اور بے گناہوں کو خاک و خون میں نہلا کر عذاب الہٰی کو دعوت نہ دی جائے۔ جو عناصر بے گناہ شہریوں کو خاک و خون میں نہلانے کے ہولناک راستے پر چل رہے ہیں انہیں اپنے گھناؤنے عمل پر اللہ تعالیٰ سے معافی کا طلبگار ہونا چاہئے۔

الطاف حسین نے تمام مکاتب فکر بالخصوص شیعہ و سنی علمائے کرام، خطیب اور ذاکرین سے انسانیت کے نام پر درد مندانہ اپیل کی وہ اپنے پیروکاروں اور طلباء کو پرامن رہنے، صبر و تحمل سے کام لینے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کا درس دیں اور ایک دوسرے سے مل جل کر شہر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم کریں۔ انہوں نے علاقے کے مکینوں سے بھی اپیل کی کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے سلسلے میں اپنے اپنے علاقوں میں شیعہ و سنی افراد پر مبنی کمیٹیاں تشکیل دیں اور ایک دوسرے کی حفاظت کا بندوبست کریں تاکہ شہر میں وہی فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم کی جاسکے جو قیام پاکستان کے وقت قائم تھی۔ الطاف حسین نے کراچی کے مختلف علاقوں میں شہریوں کے قتل کے واقعات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

دریں اثناء الطاف حسین نے گورنر ہاؤس فون کرکے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے رابطہ کرکے شہر میں امن عامہ کے سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان کا ہنگامی اجلاس طلب کریں اور شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور بے گناہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 210880
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش