0
Tuesday 13 Nov 2012 19:29

حکومت فرقہ واریت کی سازش میں ملوث امریکی حواریوں کو بے نقاب کرے، علامہ ناصر عباس جعفری

حکومت فرقہ واریت کی سازش میں ملوث امریکی حواریوں کو بے نقاب کرے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ شہرِ کراچی میں کشیدہ حالات میں امریکہ اور اس کے حواری ملوث ہیں، سندھ حکومت شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کی سازش میں ملوث امریکی حواریوں کو بے نقاب کرے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کراچی آمد پر جنرل ورکر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ شہر کراچی میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سنی و شیعہ مسلمانوں کو باہم دست و گریباں کرنے کی گھناؤنی سازشیں کی جارہی ہیں جبکہ ملک بھر میں شیعہ و سنی مسلمانوں میں کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہہ رگ شہر کراچی میں روزانہ بلا ناغہ دس سے پندرہ بے گناہ انسانوں کا قتل عام اور ٹارگٹ کلنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی دہشت گرد امریکہ اور اسرائیل کے مقامی حواری اس گھناؤنے فعل میں براہ راست ملوث ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب دنیا بھر سمیت پاکستان بھر میں ختمی مرتبت حضرت محمد (ص) کی شان میں گستاخی کے خلاف تمام مکاتب فکر متحد ہو کر اہانت پیغمبر اکرم (ص) کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے تھے وہاں عالمی استعمار امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے نمک خواروں نے شہرِ کراچی میں انسانوں کا قتل عام شروع کرکے امت مسلمہ کو متحد ہونے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں امن و امان قائم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور روزانہ کی بنیادوں پر معصوم اور بے گناہ انسانوں کو قتل عام حکومت اور قانون نافذ کرنیو الے اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ایسے حالات میں جہاں شہر میں روزانہ دس سے پندرہ افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہو اور اس شہر اور صوبے کے گورنر، وزیراعلیٰ، آئی جی پولیس اور ڈی جی رینجرز کا اپنے عہدوں پر مسلسل قائم رہنا سراسر ڈھٹائی اور انسانیت کے منہ پر تھپڑ کے مترادف ہے۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر حکومتی ادارے اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں شہر کراچی میں معصوم انسانوں کی حفاظت نہیں کر سکتے تو انہیں اپنے عہدوں سے بہرہ مند ہونے کا بھی کوئی حق حاصل نہیں ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما نے حکومت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت ہمارا تحفظ یقینی نہیں بنا سکتی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث امریکی اور اسرائیلی نمک خواروں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا نہیں دے سکتی تو ہمیں آئین پاکستان یہ اجازت دیتا ہے کہ اپنی حفاظت کے لئے اقدامات کریں لہذٰا حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ شہر میں جاری دہشت گردانہ کاروائیوں میں ملوث امریکی ایجنٹوں کو گرفتار کرے اور قرار واقعی سزا دے بصورت دیگر اپنے تحفظ کے لئے راست اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 211590
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش