0
Thursday 15 Nov 2012 14:14

کراچی میں فرقہ واریت کے نام پر ایک گھناؤنا کھیل کھیلا جارہا ہے، شاہی سید

کراچی میں فرقہ واریت کے نام پر ایک گھناؤنا کھیل کھیلا جارہا ہے، شاہی سید
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ شاید اب بھی ارباب اختیار کو کراچی کی بدتر صورت حال کا احساس نہیں ہے، ایوان بالا میں مسلسل احتجاج کے باوجود کچھ سمجھنے کو تیار نہیں، سیاسی مصلحتوں نے روشنیوں کے شہر کو موت کی وادی میں تبدیل کردیا ہے، مفاہمت کی پالیسی کے نام پر کھیلے جانے والے کھیل نے کراچی کا امن و سکون برباد کردیا ہے، مفاہمت اور مصلحت پسندی اچھی بات ہے مگر انسانی جانوں پر خاموشی ناقابل معافی عمل ہے جسے فوری طور پر ترک کرنا ہوگا، کراچی کے عوام کے مصائب کو فی الفور دور کرنا ہوگا اور امن کی فراہمی جیسی بنیادی ذمہ داری کو پورا کرنا ہوگا، افسوس ناک عمل یہ ہے کہ ملک کی معاشی شہ رگ کو دہشت گردوں کو رحم کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں اے این پی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی (لویہ جرگہ) کے چیئرمین سینیٹر شاہی سید نے مزید کہا ہے کہ شہر میں کسی نہ کسی شکل میں انتہائی مذموم کھیل جاری ہے اور اب ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کراچی میں فرقہ واریت کے نام پر ایک گھناؤنا کھیل کھیلا جارہا ہے اور شرپسندوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے، مذہبی انتہاء پسندی کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے والوں نے ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے، ہمیں چاہیئے کہ ماضی کے تجربات کی روشنی میں اپنے طرز عمل پر نظر ثانی کریں، ہم نے آج بھی کچھ نہیں سیکھا تو پچھتانے کی بھی نوبت نہیں آئے گی۔
خبر کا کوڈ : 212030
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش