0
Sunday 18 Nov 2012 00:58

صیہونی فوجیوں کو قیدی بنائینگے، اسرائیل کے تمام فوجی ٹھکانے مقاومت کی فائرنگ رینج میں ہیں، القدس بریگیڈ

صیہونی فوجیوں کو قیدی بنائینگے، اسرائیل کے تمام فوجی ٹھکانے مقاومت کی فائرنگ رینج میں ہیں، القدس بریگیڈ
اسلام ٹائمز۔ تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کے ترجمان ابو احمد نے کہا ہے کہ صیہونی فوجیوں کو قیدی بنانا ان کی ترجیحات میں ہوگا۔ فارس نیوز کے مطابق القدس بریگیڈ کے ترجمان کا فلسطینی ٹی چینل "فلسطین الیوم" سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ان کا گروہ غزہ پر صیہونی فوج کی ہر قسم کی جارحیت اور زمینی حملے کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صیہونی فوجیوں کو اسیر بنانا ان کی ترجیح ہوگا۔

ابو احمد نے تاکید کی کہ القدس بریگیڈ اپنی دفاعی کارروائیوں سے صیہونی دشمن کو حیران کر دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جارح دشمن اب پریشان ہے اور اس نے جنگ بندی پر مجبور کرنے کے لئے فلسطینی مقاومت کے گروہوں کے خلاف نفسیاتی جنگ شروع کر رکھی ہے۔ القدس بریگیڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فلسطیننی مجاہدین کے شدید حملوں اور اپنے سنگین نقصانات سے بچنے کے لئے صہیونی دشمن مختلف بہانوں سے اب جنگ بندی کی بھیک مانگ رہے ہیں۔ ابو احمد کا کہنا تھا کہ اس بات کا امکان کم ہے کہ صیہونی دشمن غزہ پر زمینی حملہ کرے، کیونکہ اس صورت میں وہ اپنے شدید جانی اور مالی نقصان سے آگاہ ہے۔

انہوں نے دوبارہ تاکید کی کہ مقاومت فلسطین کے پاس دشمن کو حیران کر دینے والے کئی ہتھیار ہیں، جن کے بارے میں صیہونی دشمن سوچ بھی نہیں سکتا۔ ان کا کہنا تھا ہم اپنے دشمن سے بھرپور انداز میں لڑیں گے۔ ابو احمد کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت کے تمام شہر اور  فوجی ٹھکانے ہماری فائرنگ رینج میں ہیں، فلسطینی مقاومت پوری طرح متحد اور مضبوط ہے اور اس کا ہدف ملت فلسطین کا دفاع ہے۔ مقاومت اسلامی حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے تھوڑی دیر پہلے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے صیہونی شہر تل آویو کو اپنے فجر 5 میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔ فرانس کے خبرنگار نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ تل آویو کے صیہونی شہری خوف کے عالم میں پناہ گاہوں کی طرف فرار کر رہے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق غزہ سے کئے جانے والے تحریک مزاحمت کے میزائل اور راکٹ حملوں میں 15 صیہونی زخمی ہوگئے۔ قدس نیٹ نے صیہونی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے اشکول علاقے پر کئے جانے والے راکٹ حملے میں تین صیہونی فوجی زخمی ہوئے، جبکہ بئرالسبع اور عسقلان پر بھی چار راکٹ فائر کئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے جنوب میں واقع کئی صہیونی بستیاں آبادی سے خالی ہوگئی ہیں۔ حماس نے اعلان کیا کہ آج صبح سے ابتک مقبوضہ فلسطین کے علاقوں کو 60 سے زائد راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے جبکہ صہیونی ذرائع نے بھی اعتراف کیا کہ صہیونی پارلیمنٹ کی عمارت، فلسطینیوں کے ایک راکٹ کی زد میں آگئی ہے۔ فلسطین کی تحریک مزاحمت کی جانب سے یہ حملے غزہ پر صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کے جواب میں کئے جا رہے ہیں کہ جن میں ابتک 41 فلسطینی مسلمان شہید اور 350 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 212769
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش