0
Monday 19 Nov 2012 23:07

سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی جانب سے قاضی حسین احمد کے قافلے پر حملے کی مذمت

سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی جانب سے قاضی حسین احمد کے قافلے پر حملے کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ مذہبی رہنماؤں نے ملی یک جہتی کونسل پاکستان کے صدرقاضی حسین احمد کے قافلے پر قاتلانہ حملے کی پرزور انداز میں مذمت کی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، علامہ امین شہیدی، شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ ساجد نقوی، جماعت اہلحدیث کے علامہ عبدالغفار روپڑی، امیر جماعۃالدعوۃ حافظ سعید، حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، قاری محمد یعقوب شیخ، حافظ محمد مسعود، محمد یحییٰ مجاہد، حافظ خالد ولید و دیگر نے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے امریکہ، بھارت اور ان کے اتحادیوں کی طرف سے وطن عزیز پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی منظم سازشوں کا حصہ قرار دیا ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ قاضی حسین احمد ان دنوں پاکستان میں فرقہ واریت کے خاتمہ اور ملک میں اتحادو یکجہتی کی فضا پروان چڑھانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، اسلام دشمن قوتوں کو اس صورتحال سے سخت تکلیف ہے اس لئے ان کے قافلہ پر خودکش حملہ کیا گیا ہے، لیکن اس قسم کی مذموم حرکتوں سے ان شاء اللہ دینی و مذہبی قیادت کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے، ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کیلئے مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنان کو منظم منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ حکومت اس صورتحال پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ضرورت ا س امر کی ہے کہ قاضی حسین احمد پر خودکش حملہ کی اعلیٰ سطحی پیمانے پر تحقیقات کی جائیں اور اس واقعہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ حافظ عبدالغفار روپڑی نے گفتگو کرتے ہوئے قانون سازی کرنیوالے اداروں سے مطالبہ کیا اس دلسوز واقعہ کے ذمہ داران کو فی الفور گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے قاضی حسین احمد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کروائی۔

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ قاضی حسین احمد ملت کے بزرگ ہیں جنہوں نے امت کے اتحاد کا بیڑا اٹھایا ہے ان پر خود دھماکہ ظاہر کرتا ہے کہ استعمار اور اس کے ایجنٹوں کو امت کا اتحاد راس نہیں ہے۔ ہم اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور وفاقی و صوبائی حکومت سے ملوث عناصر کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 213426
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش