0
Monday 19 Nov 2012 20:23
عالم اسلام متحد ہوجائے تو اسرائیل نیست ونابود ہو جائیگا

خودکش حملے عزم و حوصلہ ختم نہیں کرسکتے، مجھ پر حملہ امریکہ نے کروایا، قاضی حسین احمد

خودکش حملے عزم و حوصلہ ختم نہیں کرسکتے، مجھ پر حملہ امریکہ نے کروایا، قاضی حسین احمد
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ اور جماعت اسلامی کے سابق مرکزی امیر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ میاں منڈی مہمند ایجنسی میں ان کے قافلے میں ہونے والا حملہ امریکی ایجنٹوں کی کارستائی ہے، کوئی مسلمان ایسی حرکت نہیں کرسکتا۔ امریکہ، اسرائیل اور بھارت مل کر پاکستان میں بدامنی پھیلا کر اسے ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے قافلے پر ہونے والے خودکش حملے کے بعد میاں منڈی گندھاب مہمند ایجنسی میں جماعت اسلامی کے مرکز اور مدرسے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قاضی حسین احمد نے مزید کہا کہ ہم نے انگریز سے تو آزادی حاصل کرلی، لیکن انگریزوں کے ایجنٹ اب تک پاکستان پر مسلط ہیں، اسلام ہی و ہ واحد دین ہے جو دنیا میں امن و انصاف قائم کرنے کی ضمانت دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سامراج کے توسیع پسندانہ عزائم اور اسلام دشمن پالیسیوں کی راہ روکنے کے لئے عالم اسلام کی حکومتوں کو یک آواز ہونا پڑیگا، امریکہ کی مسلسل پشت پناہی کی وجہ سے اسرائیل مسلسل فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہے ہے، انہوں نے کہا کہ عالم اسلام متحد ہو جائے تو اسرائیل نیست و نابود ہو جائیگا، انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام میں پھیل جائیں اور جماعت اسلامی کے انقلابی منشور سے عوام کو آگاہ کریں، جماعت اسلامی فاٹا کے امیر اور سابق ایم این اے صاحبزادہ ہارون الرشید اور جماعت اسلامی فاٹا کے جنرل سیکرٹری منصف خان مہمند بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دیگر ذرائع کے مطابق سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ میرے قافلے پر حملے میں طالبان نہیں امریکہ ملوث ہے، پاکستان اور افغانستان میں بیرونی مداخلت ختم ہونے تک امن قائم نہیں ہوسکتا۔ نوشہرہ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کا کہنا ہے کہ امریکہ دینی جماعتوں اور طالبان کو آپس میں لڑانا چاہتا ہے، پولیٹیکل ایجنٹ کے مطابق حملہ خودکش تھا، جس میں خاتون کو استعمال کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے قافلے پر حملے میں طالبان نہیں امریکہ ملوث ہے، پاکستان اور افغانستان میں بیرونی مداخلت ختم ہونے تک امن قائم نہیں ہوسکتا۔ قاضی حسین احمد نے فون پر خیریت دریافت کرنے پر وزیراعظم اور افغان صدر حامد کرزئی، مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر شخصیات کا مشکور ہوں۔
 
اس سے قبل مہمند ایجنسی میں جماعت اسلامی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قاضی حسین احمد کا کہنا تھا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت مل کر پاکستان میں بد امنی پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگریزوں سے تو آزادی حاصل کرلی لیکن ان کے ایجنٹ اب تک پاکستان پر مسلط ہیں۔ قاضی حسین احمد کا کہنا تھا کہ خودکش حملے ہمارے عزم و حوصلے کو خم نہیں کرسکتے، مہمند ایجنسی میں جماعت اسلامی کے قافلے پر ہونیوالا خودکش حملہ کسی مسلمان کی نہیں بلکہ امریکی ایجنٹوں کی کارروائی ہے۔
خبر کا کوڈ : 213374
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش