0
Thursday 22 Nov 2012 01:10

کشمیر سمیت بھارت کے مختلف شہروں میں اسرائیل کیخلاف احتجاج

کشمیر سمیت بھارت کے مختلف شہروں میں اسرائیل کیخلاف احتجاج
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر سمیت بھارت کے کئی شہروں میں فلسطین پر اسرائیلی حملوں کے خلاف مظاہرے جاری ہیں، نئی دہلی میں مظاہرین نے اسرائیلی سفارتخانہ کو گھیرے میں لے کر بھارت سے فوری طور اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا ہے، وادی کشمیر کے علاقوں ہندوارہ، کولگام، اسلام آباد اننت ناگ، پلوامہ، چاڈورہ، گاندربل، بیروہ اور بارہمولہ میں اسرائیل کی جارحیت کے خلاف لوگوں نے جلوس نکال کر امریکی اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کیے، کولگام میں جموں و کشمیر یوتھ فیڈریشن کے کارکنوں نے اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے، کولگام میں یوتھ فیڈریشن نے ایک احتجاجی ریلی نکالی جس میں شامل لوگ اسرائیل کے خلاف نعرہ بلند کر رہے تھے، مظاہرین نے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری اور معصوم شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں۔
 
اسرائیلی جارحیت کے خلاف نئی دہلی، حیدر آباد، بنگلور، تامل ناڈو، لکھنو، غازی آباد، کانپور، کریلا وغیرہ میں بڑے بڑے احتجاجی جلوس برآمد ہوئے لیکن سب سے بڑا جلوس نئی دہلی میں نکالا گیا، جس میں سیول سوسائٹی کے علاوہ سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ اطلاعات کے مطابق سیول سوسائٹی سمیت دیگر مسلمان تنظیموں کی اپیل پر اسرائیل کے فلسطین کے نہتے عوام پر جارحانہ حملوں کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا جبکہ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی بھی نکالی گئی، احتجاج نئی دہلی میں قائم اسرائیلی سفارتخانہ کے قریب کیا گیا۔
 
اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے اسرائیل کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فلسطین میں بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام بند کیا جائے، ریلی 4 گھنٹے تک جاری رہی اور شرکائے ریلی نے نئی دہلی کی مختلف شاہراہوں پر مارچ بھی کیا، ریلی میں انسانی حقوق کے علمبرداروں نے بھی حصہ لیا اور وہ بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کرتے رہے، ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ افراد کے خلاف اسرائیلی ظلم کسی طور بھی قابل قبول نہیں ہے، اس کیلئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ فوری نوٹس لے۔
خبر کا کوڈ : 213861
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش