0
Friday 23 Nov 2012 14:22

دہشتگردی کا خطرہ، کراچی اور کوئٹہ ہائی الرٹ پر، موبائل فون سروس بند کر دی، رحمان ملک

دہشتگردی کا خطرہ، کراچی اور کوئٹہ ہائی الرٹ پر، موبائل فون سروس بند کر دی، رحمان ملک
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ کراچی اور کوئٹہ ہائی الرٹ پر ہیں، وہاں آج ایک بجے سے رات گئے تک موبائل سروس بند رہے گی، جبکہ وی وی آئی پیز سے جیمرز لے کر جلوسوں کے راستوں پر لگائے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر کراچی اور کوئٹہ ہائی الرٹ پر ہیں، وہاں دہشت گردی کے خطرات زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور کوئٹہ میں آج دن ایک بجے سے رات گئے تک موبائل فون اور پی ٹی سی ایل وائرلیس سروس بند رہے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں بھی دہشت گردی کا خطرہ ہے، اسلام آباد میں موبائل فون سروس بند کرنے بارے ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا، معاملہ زیر غور ہے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں آج اور کل دہشت گردی کا خطرہ ہے، مجھے بھی قتل کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے 90 فیصد بم ناکارہ بنا دییے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور کراچی میں آج ایک بجے سے شام تک موبائل فون سروس بند رہے گی جبکہ پی ٹی سی ایل اور وائرلیس بھی نہیں چلیں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پنجاب میں بھی جہاں ضرورت ہوگی موبائل سروس بند کر دیں گے۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ جو کیا ملک و قوم کی بہتری کے لیے کیا۔

ادھر کراچی اور کوئٹہ میں موبائل فون اور پی ٹی سی ایل وائر لیس سروس بند کر دی گئیں، دوسری جانب حیدر آباد میں موٹر سائیکل چلانے پر 3 دن کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ موبائل و پی ٹی سی ایل وائرلیس سروسز بند ہونے سے شہریوں کو رابطے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ایس ایس پی حیدر آباد کے مطابق موٹر سائیکل چلانے کی پابندی سے صحافی، بزرگ حضرات، خواتین، سکیورٹی اہلکار مستثنٰی ہوں گے جبکہ حیدرآباد میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر موبائل فون سروس بھی بند کیے جانے کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں دوپہر تین بجے سے موبائل فون سروس بند ہوگی۔ کراچی اور کوئٹہ میں آج دوپہر 1 بجے سے رات 12 بجے تک موبائل فون اور پی ٹی سی ایل وائر لیس سروس بند رہیں گی۔ اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا تھا کہ اسلام آباد میں بھی دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے، وی وی آئی پیز سے جیمرز لی کر جلوسوں کے راستوں پر لگائے جا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 214569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش