0
Sunday 25 Nov 2012 19:51

راولپنڈی میں عاشورہ کا جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا

راولپنڈی میں عاشورہ کا جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا
اسلام ٹائمز۔راولپنڈی میں عاشورہ محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے برآمد ہوا جو اپنے روائتی راستوں سے ہوتا ہوا فورا چوک پہنچا، جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ عاشورہ کے جلوس میں شریک ہوئے اور امام حسین علیہ السلام سے اپنی عقیدت کا والہانہ اظہار کیا۔ اس موقع پر ماتم، نوحہ خوانی اور زنجیر زنی کے ذریعہ کربلا والوں کی یاد تازہ کی گئی۔ جلوس میں علم، تازیے، اور شبیہ ذوالجناح بھی لائے گئے، عزاداروں نے زیارت کی اور منتیں مرادیں مانگیں۔ اس موقع پر دستہ امامیہ، جے ایس او سمیت کئی ماتمی سنگتوں نے ماتم کیا۔ جلوس میں جگہ جگہ سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جبکہ ایم ڈبلیو ایم اور دیگر ماتمی سنگتوں کی طرف سے مشترکہ طور پر نذر و نیاز کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ تقریباً 100 سے زائد بریانی کی دیگیں تیار کرکے عزاداروں اور فاقہ کشوں میں تقسیم کی گئیں۔

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیش راولپنڈی ڈویژن کی طرف سے فورا چوک پر نماز ظہرین کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا جس میں ہزاروں کی تعداد میں شرکاء نے نماز ادا کی۔ نماز ظہرین ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی کی اقتداء میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنماء علامہ جلیل نقوی علالت کے باوجود ویل چیئر پر بیٹھ کر جلوس میں شریک رہے۔
خبر کا کوڈ : 215117
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش