0
Tuesday 27 Nov 2012 21:32

دہشتگردی کیخلاف ملکر جدوجہد کرتے رہینگے، شمالی وزیرستان میں آپریشن پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، رچرڈ اولسن

دہشتگردی کیخلاف ملکر جدوجہد کرتے رہینگے، شمالی وزیرستان میں آپریشن پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، رچرڈ اولسن
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے پر پاکستان اور امریکہ دونوں متفق ہیں۔ اگر پاکستان وزیرستان میں آپریشن کرنا بہتر سمجھتا ہے تو امریکہ اس کا ساتھ دیگا، کیونکہ انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک کا مشترکہ عزم ہے۔ ہم دہشت گردی کے خلاف ملکر جدوجہد کرتے رہینگے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان طالبان امن معاہدہ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں ڈیری انڈسٹری کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈیری فارمرز کیلئے ورکشاپ منعقد کر رہے ہیں، جن کا مقصد کاروباری صلاحیتوں کو نکھارنا، نئی مصنوعات اور خدمات کو بہتر بنانا ہے۔ ڈیری منصوبہ نجی و سرکاری اشتراک پر مبنی منصوبہ ہے، جس کے تحت اب تک 9 ہزار ڈیری فارمرز، 5 ہزار چھوٹے زرعی کاروبار کو مویشیوں کی حفاظت، ڈیری مصنوعات کے معیار میں بہتری اور آمدن میں اضافے کے حوالے سے تربیت دی جا چکی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ امریکی مالی معاونت سے جاری کاروباری منصوبہ کے ذریعے 2010ء سے اب تک سیلاب سے متاثرہ 22 ہزار سے زائد ڈیری فارمرز اپنی آمدن کو دوگنا کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ امریکہ نے زرعی شعبے میں دیگر امدادی پروگراموں کے ذریعے 750 سے زائد مویشیوں کیلئے ڈاکٹرز، لیب ٹیکنیشنز کو منہ کھر کی بیماری سے بچاﺅ کی تربیت، ڈیری کی صنعت سے وابستہ ایک لاکھ دس ہزار گائے، بھینسوں کو بیماری سے بچاﺅ کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوائے گئے۔
 
قبل ازیں مینار پاکستان کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کا ہر مشکل وقت میں دوست رہا ہے اور پاکستان کے امریکہ کے ساتھ 65 سال سے دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لاہور آکر بہت خوشی ہوئی اور میری خواہش ہے کہ میں بار بار آکر لاہور کو دیکھوں۔ انہوں نے مہمانوں کی تاثراتی کتاب میں اپنے خیالات قلمبند کئے اور لکھا کہ پاکستان عظیم قربانیوں کے بعد وجود میں آیا۔ ایک جمہوری نظام کے تحت آزادی ملی، جس کو امریکہ اور امریکی عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 215741
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش