0
Wednesday 28 Nov 2012 14:36

محرم الحرام میں پولیس فورس نے مجھے عوام الناس کے سامنے سرخرو کردیا ہے، عثمان زکریا

محرم الحرام میں پولیس فورس نے مجھے عوام الناس کے سامنے سرخرو کردیا ہے، عثمان زکریا
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان کیپٹن (ر) عثمان زکریا نے پولیس فورس کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ فورس نے میری بلکہ عوامی توقعات سے بھی بڑھ کر محرم الحرام کے دوران اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائے ہیں۔ عثمان زکریا نے کہا کہ فورس کے جوانوں اور آفیسران نے مجھے عوام الناس کے سامنے سرخرو کردیا ہے۔ آئی جی پی نے فورس کے جوانوں اور آفیسران کوشاباش دیتے ہوئے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ آپ آئندہ بھی اسی طرح اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔ عثمان زکریا نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، گورنر سید کرم علی شاہ، وفاقی حکومت اور شہریوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مجھے پیغامات بھیجے ہیں، یہ نیک نامی صرف میری نہیں بلکہ پوری فورس کی ہے۔ آئی جی پولیس نے خصوصی طور پر سید آغا راحت حسین الحسینی امام جمعہ و الجماعت، اہلسنت وا لجماعت کے اکابرین اور اسماعیلی نمائندگان کا بھی شکریہ ادا کیا اور ان کے تعاون کو خطے کے لئے نیک شگون قرار دیا۔

عثمان زکریا نے مساجد بورڈ کے ممبران کے قیام امن کے حوالے سے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ آئندہ بھی امن کی برقراری کے لئے اپنی خدمات اسی طرح نبھاتے رہیں گے۔ آئی جی پولیس نے رینجرز اور جی بی اسکاوٹس کے آفیسران اور جوانوں کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فورسز کا آپس میں بہترین ٹیم ورک دیکھنے کو ملا۔ کیپٹن (ر) عثمان زکریا نے ڈی آئی جی ہیڈ کواٹر امجد خان، ڈی آئی جی گلگت رینج علی شیر اور ایس پی گلگت واصل خان کا بھی شکریہ ادا کیا جو محرم الحرام کے دوران نگرانی پر چوکس رہے۔ گلگت بلتستان پولیس کے سربراہ نے آخر میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے مقامی صحافیوں اور قلم کاروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 215907
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش