0
Sunday 2 Dec 2012 14:46

پرآشوب دور میں بھی ایم کیو ایم فلسفہ حسینی پر چلتے ہوئے حق پرستی کا علم بلند کئے ہوئے ہے، شہربانو والا جاہی

پرآشوب دور میں بھی ایم کیو ایم فلسفہ حسینی پر چلتے ہوئے حق پرستی کا علم بلند کئے ہوئے ہے، شہربانو والا جاہی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ شعبہ خواتین کے زیر اہتمام حسبِ روایت یومِ حسین ؑ کا اہتمام کیا گیا، جس میں معروف اسکالر شہربانو والا جاہی، ایم کیو ایم شعبہ خواتین کی انچارج و اراکین نے تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی کمیٹی کی ذمہ داران و کارکنان موجود تھی۔ تقریب سے شہربانو والا جاہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسینؑ نے حق اور سچ کی خاطر کربلا کے میدان میں سر کٹانا تو گوارا سمجھا لیکن یزیدیت کے آگے سر خم نہیں کیا اور شہداء کربلا کا واقعہ ہمیں صبر و استقامت، برداشت اور حق اور سچ بات پر ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اصولوں کی سیاست کرتی ہے اور اس پرآشوب دور میں بھی فلسفہ حسینی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے حق پرستی کا عَلم بلند کئے ہوئے ہے۔

ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی منگلا شرما نے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین ؑ نے حق کی بات کی اور باطل کے سامنے ڈٹ گئے۔ میدانِ کربلا میں جو بڑی تعداد میں تھے وہ جیت کر بھی جنگ ہار گئے اور جو نہتے تھے وہ ہار کر بھی جیت گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کمیونٹی بھی یومِ حسین ؑ مناتی ہے۔ انہوں نے حضرت زینبؑ کے عظیم کردار کے بارے میں کہا کہ ان کا قول اور فعل دونوں حق پرست خواتین کیلئے مشعلِ راہ ہیں اور آج میں اور میری کمیونٹی متحدہ کے پلیٹ فارم پر اپنے آپ کو بہت محفوظ تصور کرتے ہیں کیونکہ بشمول قیادت سب کے رویّے عینِ اسلام ہیں جس میں انسانیت کے ساتھ ساتھ ہر مذہب و مسلک کا احترام کرنا بھی شامل ہے۔

اس موقع پر شعبہ خواتین کی انچارج کشور زہرا نے یومِ حسین ؑ میں شرکت کرنے پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی موجودگی اس بات کی دلیل ہے کہ آپ حق کے ساتھ ہیں، حق کو سمجھنا اُس پر قائم رہنا جی داری کا کام ہے، تاریخ گواہ ہے کہ حق کے راستے میں عورتوں کا بہت بڑا کردار رہا۔ رسولِ ؐخدا نے اس پیغامِ حق کی کسی بھی قسم کی تشہیر سے پہلے اپنی زوجہ حضرت بی بی خدیجہؑ کو اعتماد میں لیا، پھر اسی دینِ حق کو بچانے کیلئے بعدِ شہادتِ نواسہ رسول امام حسین ؑ کا کردار کسی سے بھی ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ تقریب سے محترمہ شبینہ طلعت اور محترمہ خالدہ طیب نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں محترمہ حوریہ فہیم، نرگس عباس اور عنبرین نسیم نے نعت، سلام اور منقبت پیش کی،قرأت کی سعادت عرشیہ فواد جبکہ نظامت کے فرائض مرکزی کمیٹی ممبر شاہین شیر دین نے انجام دیئے۔
خبر کا کوڈ : 217125
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش