0
Friday 7 Dec 2012 21:47

سنی اتحاد کونسل نے امریکی ڈرون حملوں کے خلاف یوم مذمت منایا

سنی اتحاد کونسل نے امریکی ڈرون حملوں کے خلاف یوم مذمت منایا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم کی اپیل پر امریکی ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر ’’یومِ مذمت‘‘ منایا گیا اور ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں ڈرون حملوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ڈرون حملوں کا نوٹس لے۔ یومِ مذمت کے سلسلہ میں علمائے کرام نے خطباتِ جمعہ میں امریکہ کی اسلام و پاکستان دشمنی پر اظہار خیال کیا۔ سنی اتحاد کونسل نے نماز جمعہ کے بعد مساجد کے سامنے احتجاجی مظاہرے بھی کئے۔

یومِ مذمت کے موقع پر سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے پاکستان کی خودمختاری کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے لیکن اقوام متحدہ اور عالمی اداروں نے امریکہ کی اس بدمعاشی کا نوٹس نہ لے کر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے، حکومت پاکستان ڈرون حملے رکوانے کے لیے امریکہ سے دوٹوک بات کرے اور امریکہ پر واضح کرے کہ آئندہ ڈرون حملہ ہوا تو پاک فوج کو ڈرونز گرانے کا حکم دے دیا جائے گا۔

سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی حنیف طیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ڈرون حملے روکنے کے لیے جرأت مندانہ مؤقف اختیار کرے اور عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے کیونکہ ڈرون حملوں کے ذریعے پاکستان کی خودمختاری کو مسلسل چیلنج کیا جا رہا ہے۔ ڈرون حملے جاری رہنا حکومت کی ناکامی ہے اور ڈرون حملوں پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔

یومِ مذمت کے موقع پر ملتان میں صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی، لاہور میں علامہ سید ریاض حسین شاہ، پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد حسیب قادری، کراچی میں طارق محبوب، صوفی ارشد القادری، فیصل آباد میں علامہ باغ علی رضوی، گوجرانوالہ میں صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، الحاج سرفراز تارڑ، خانیوال میں شیخ ذوالفقار علی رضوی، سمندری میں مفتی محمد سعید رضوی، منڈی بہاؤ الدین میں صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا ظاہر شاہ قادری، میانوالی میں صاحبزادہ عبدالمالک، علامہ منظور عالم سیالوی، حافظ آباد میں صاحبزادہ سید وسیم الحسن نقوی، پیر سید فدا حسین شاہ، سکھر میں مفتی محمد عارف سعیدی، صادق آباد میں میاں احسان الحق اسد، ساہیوال میں میاں محمد اصغر رامے نے اجتماعات سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 218937
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش