0
Saturday 8 Dec 2012 19:55

کرپشن سے پاک ترقی یافتہ پاکستان چاہتے ہیں، ثروت اعجاز قادری

کرپشن سے پاک ترقی یافتہ پاکستان چاہتے ہیں، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک پنجاب کے آفس داتا دربار میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ جمہوری حکمرانوں نے معیشت کو مضبوط بنانے اور کرپشن پر قابو پانے کے لیے کوئی ایجنڈہ عوام کے سامنے پیش نہیں کیا، پاکستان سنی تحریک ملک کو کرپشن سے پاک ترقی یافتہ ملک دیکھنا چاہتی ہے، میرٹ کا قتل کر کے نیو جنریشن کو سرکاری ملازمتوں سے محروم اور سفارشیوں کو رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بدامنی، دہشت گردی کے بڑے اسباب بے روزگاری، کرپشن، اقربا پروری ہیں، آئندہ انتخابات میں عوامی مسائل کو حل نہ کرنے والوں کو عوامی احتساب کا سامنا کرنا ہو گا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دنیا کے نقشے میں جتنے بھی کرپشن زدہ ملک ہیں وہ ترقی اور تعلیم سے دور اور بدامنی کا شکار ہیں جس ملک میں کرپشن کا راج ہو وہاں صنعتی کاروباری اداروں کے لیے کام کرنا دشوار ہو جاتا ہے، جس سے بدامنی، بے روزگاری، دہشت گردی میں اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان سنی تحریک کرپشن، بے روزگاری، انتہا پسندی، دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے ایجنڈہ لے کر انتخابات میں حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اسلامی فلاحی ریاست کا تصور پیش کیا تھا، سنی تحریک قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کے لیے عملی طور پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنی تحریک نے پارلیمنٹ میں نہ ہونے کے باوجود عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی طور پر لانگ مارچ کر کے عوام کی آواز کو ایوانوں تک پہنچایا ہے اور آئندہ بھی عوام کی فلاح و بہبود کی جدوجہد سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
خبر کا کوڈ : 219272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش