0
Sunday 9 Dec 2012 00:41
مولانا سمیع الحق نے "حلوہ" ہمارے لئے اور "جلوہ" اپنے لیے رکھا ہوا ہے

دینی جماعتوں کی پوری ٹیم ملی یکجہتی کونسل میں ہی نظر آرہی ہے، حافظ حسین احمد

دینی جماعتوں کی پوری ٹیم ملی یکجہتی کونسل میں ہی نظر آرہی ہے، حافظ حسین احمد
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنماء حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ عاصمہ جہانگیر اور ناصر اسلم زاہد کا نام بطور نگران وزیراعظم گردش کرنے سے خطرہ ہے کہ کہیں این جی اوز مرد و خواتین کو "یکساں حقوق" دینے کیلئے دونوں کو بیک وقت نگران وزیراعظم بنانے کا مطالبہ نہ کر دیں۔ ایسا ہوگیا تو الماس بوبی والے بھی احتجاج کریں گے، جن کا چیف جسٹس کے سوا کوئی سننے والا نہیں، نگران سیٹ اپ 90 دنوں کیلئے ہوتا ہے جو "نائن زیرو" بھی بنتا ہے۔ یہ نام آتے ہی عوام خوف زدہ نہیں دہشت زدہ ہو جاتے ہیں، اقتدار کی چادر جوں جوں سمٹے گی، ناہید خان کا پلہ بھاری ہوتا جائے گا۔ وہ اوکاڑہ پریس کلب کے ارکان سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔

حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ مولانا سمیع الحق نے "حلوہ" ہمارے لئے اور شائد "جلوہ" اپنے لیے رکھا ہوا ہے۔ ایم ایم اے میں بھی پانچ جماعتیں ہیں۔ مولانا سمیع الحق کے دینی اتحاد میں بھی پانچ ہی جماعتیں ہیں۔ دونوں اتحادوں کی طرف سے اگر چھکا لگ گیا اور چھٹی جماعت شامل ہوگئی تو کہیں مولانا سمیع الحق گیارہ کی ٹیم میں بارہویں کھلاڑی نہ بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ق لیگ اور پیپلز پارٹی کا اتحاد عملاً غیر فطری ہے اور قائم نہیں رہ سکتا، اسی طرح بی بی کے قاتلوں کو بچانے والے بھی پیپلز پارٹی میں نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بے وقت انتخابات کا وقت گزر چکا ہے۔ بروقت انتخابات کیلئے خدشات ہیں کیونکہ کوئی بھی وقت کا تعین نہیں کرسکے گا۔

صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پنجتن نے ایم ایم اے کی بحالی کا اصولی فیصلہ کیا ہے تو دوسری جانب بھی پنجتن نے دینی اتحاد کا بگل بجا دیا ہے، مولانا سمیع الحق ہر دور میں اوپننگ کرتے ہیں، لیکن شاہد آفریدی کی طرح جلد واپس لوٹ آتے ہیں، کالا باغ ڈیم شروع سے ہی کالا نہیں رہا ہے، یہ "سبز باغ" تھا اور "سبز باغ" ہی رہے گا۔ مولانا سمیع الحق کی طرف سے مولانا فضل الرحمان کے سامنے 5 کھانے رکھنے کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق حلوہ ہمارے لئے اور جلوہ اپنے لئے رکھتے ہیں۔ بہرحال ہم ان کے پہلے بھی مشکور تھے اور اب بھی ہیں، ایک سوال پر حافظ حسین احمد نے کہا کہ ہمارے 5 رہنماء ایم ایم اے بحالی کوششوں کے حوالہ سے بیٹنگ کرینگے، دیکھتے ہیں کہ کون چھکا لگا کر چھٹی جماعت اپنے ساتھ ملاتا ہے، کیونکہ ٹیم میں 11کھلاڑی ہوتے ہیں اور اس وقت پوری ٹیم صرف ملی یکجہتی کونسل میں ہی نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ مولانا سمیع الحق اس بار 12ویں کھلاڑی نہ بنیں۔
خبر کا کوڈ : 219345
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش