0
Sunday 9 Dec 2012 21:06

شمالی وزیرستان، ڈرون حملے میں ایک ہائی پروفائل سمیت 4 جنگجو ہلاک

شمالی وزیرستان، ڈرون حملے میں ایک ہائی پروفائل سمیت 4 جنگجو ہلاک
اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان کے تبے گاوں کے ایک رہائشی کمپاونڈ پر امریکی ڈرون نے چار میزائل فائر کئے ہیں۔ پاک افغان سرحد سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع میرانشاہ کے قریب اتوار کی صبح کئے گئے ڈرون حملے میں چار مشتبہ عسکریت پسند ہلاک جبکہ کئی دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ میزائلوں سے نشانہ بنائے جانے والے مکان کو دہشتگردوں کا ٹھکانہ قرار دیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اس حملے میں ایک ہائی پروفائل ٹارگٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے، لیکن اس خبر کے اختتام تک مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد بھی آسمان پر ڈرون کی پروازیں دیکھی گئی ہیں۔ 

خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک سینئر سیکورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ ”امریکی ڈرون طیاروں نے عسکری کمپاؤنڈ پر چار میزائل داغے، جس سے تین منحرف مارے گئے۔“ ایک اور سیکورٹی اہلکار نے حملہ کی تصدیق کی، لیکن کہا کہ حملے میں مارے جانے والے افراد کی ابھی شناخت نہیں کی جاسکی۔ تبے کا گاؤں افغان سرحد کے بہت قریب ہے اور اسے مختلف گروپوں خاص طور پر حافظ گل بہادر اور حقانی نیٹ ورک کے عسکریت پسندوں کی پناہ گاہ کہا جاتا ہے۔ 

القاعدہ سے منسلک حقانی نیٹ ورک کا معاملہ جس پر افغانستان میں کئی ہلاکت خیز حملوں کا الزام ہے، اسلام آباد اور واشنگٹن کے تعلقات میں ایک کانٹے دار معاملہ ہے۔ واشنگٹن طویل عرصہ سے پاکستان سے حقانیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتا رہا ہے، جس پر امریکہ کابل میں گزشتہ سال ستمبر میں امریکی سفارتخانہ پر حملہ کا الزام بھی لگاتا ہے۔ پاکستان اس کے جواب میں مطالبہ کرتا ہے کہ افغان اور امریکی فوجی افغانستان سے اس کی فوجوں پر حملوں کیلئے داخل ہونیوالے پاکستانی طالبان کو روکیں۔

امریکہ کے بغیر پائلٹ طیاروں کے حملے متنازعہ رہے ہیں۔ یہ پاکستان میں انتہائی غیر مقبول ہیں اور انہیں ملکی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا جاتا ہے، جس سے امریکہ مخالف جذبات بھڑکتے ہیں، لیکن امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملے بہت اہم ہیں، انہیں نہیں چھوڑا جاسکتا۔  ان میں ہونیوالی ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ تاہم ستمبر میں قانونی گروپ ریپریو کی طرف سے تیار کی گئی رپورٹ میں 2562 سے 3325 افراد کی ہلاکتوں میں 474 سے 881 شہریوں کی ہلاکتوں کا اندازہ لگایا گیا ہے، جو پاکستان میں 2004ء سے 2012ء تک کئے گئے ڈرون حملوں سے ہوئیں۔
خبر کا کوڈ : 219624
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش