0
Monday 17 Dec 2012 12:14

کوئٹہ،دہشتگردوں کی اندھا دھند فائرنگ، ڈائریکٹر تعلقات عامہ بلوچستان اور 2 پولیس اہلکار جاں بحق

کوئٹہ،دہشتگردوں کی اندھا دھند فائرنگ، ڈائریکٹر تعلقات عامہ بلوچستان اور 2 پولیس اہلکار جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں کچہری روڈ پر فائرنگ سے ڈائریکٹر تعلقات عامہ اور دو اہلکارجاں بحق ہوگئے۔ مشتعل افراد نے آئی جی آفس کے سامنے شدید احتجاج کیا۔ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے کچہری روڈ پر ڈائریکٹر تعلقات عامہ خادم حسین نوری کی گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ سن کر قریب کھڑی پولیس موبائل واقعہ والی جگہ پر جانے لگی تو ٹیکسی اسٹینڈ پر موجود مسلح افراد نے انہیں بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس سے اے ایس آئی سنگین خان اور کانسٹیبل رجب علی جاں بحق اور کانسٹیبل اکبر خان زخمی ہو گئے۔ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔ حکام کے مطابق حملہ آوروں کی موٹر سائیکل قبضے میں لے لی گئی ہے۔ دوسری جانب ڈائریکٹر تعلقات عامہ خادم حسین نوری کے لواحقین نے آئی جی پولیس کے دفتر کے سامنے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور نعرے لگائے۔ ادھر مستونگ میں نامعلوم افراد نے این جی او کی گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس سے دو افراد زخمی ہوگئے۔

دیگر ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں فائرنگ سے محکمہ تعلقات عامہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق محکمہ تعلقات عامہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر خادم حسین نوری اپنے گھر سے صبح تقریباً پونے دس بجے گاڑی میں عدالت روڈ پر اپنے دفتر آرہے تھے کہ شاہراہ اقبال پر دفتر کے قریب موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے، انہیں اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے ہی دم توڑ گئے۔ دوسری جانب فائرنگ کے بعد مسلح افراد فرار ہو رہے تھے کہ جناح روڈ پر پولیس اہلکاروں نے مسلح افراد کو روکنا چاہا مگر انہوں نے پولیس اہلکاروں پر بھی فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سنگین خان اور کانسٹیبل رجب خان جاں بحق جبکہ ایک اور پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا،  حملہ آور موقع سے فرار ہونے ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ جاں بحق افراد اور زخمی کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
خبر کا کوڈ : 222034
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش