0
Sunday 23 Dec 2012 11:28

سید علی گیلانی اور یاسین ملک نے پاکستان کا دورہ نہ کر کے اچھا قدم اٹھایا ہے، خالد

سید علی گیلانی اور یاسین ملک نے پاکستان کا دورہ نہ کر کے اچھا قدم اٹھایا ہے، خالد
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز آزاد کشمیر صوبہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری ممتاز قانون دان راجہ خالد محمود خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے جس قدر کرپشن اور لوٹ مار کی ہے پاکستان کی 64 سالہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ پیپلز پارٹی ملک دشمن پارٹی ہے یہ جب بھی اقتدار میں آئی اس نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔ عدالتی فیصلوں کا مذاق اٹھایا جا رہا ہے۔ سندھ کو تقسیم کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ امن و امان کی صورتحال ابتر ہے۔ آزاد کشمیر میں دھاندلی کے ذریعے بننے والی پیپلز پارٹی کی حکومت عوام پر کسی بڑے عذاب سے کم نہیں ہے۔ انھوں نے کہاکہ خواتین یونیورسٹی باغ کو آصفہ بھٹو کےنام سے منسوب کیا گیا ہے حکومت کا یہ اقدام آزاد خطہ کے ہزاروں شہداء کے خون سے بے وفائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ باغ میں کتنے عظیم لوگ ہیں جنہوں نے ملکی سلامتی کے لے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ پیپلز پارٹی ہر چیز کا نام اپنے ناموں سے منسوب کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ آصفہ بھٹو کا کیا کردار ہے پاکستان کی سیاست میں اور پھر آزاد خطہ جو تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے۔ آزاد خطہ کے تعلیمی اداروں اور دوسرے اداروں کو ایسے ناموں سے منسوب کرکے شہدائے کشمیر سے بے وفائی اور جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیریوں کے جذبات کا خون کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب انھوں نے کہاکہ زرداری حکومت پانچ سال تک مسئلہ کشمیر سے لاتعلق رہی ہے۔ بھارت کو موسٹ فیورٹ قرار دینے کی باتیں ہوتی رہی ہیں۔ تجارتی و ثقافتی رشتے مضبوط کیے گئے ہیں۔ 

خالد محمود نے کہا کہ آج جب حکومت کے آخری دن ہیں محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے کل جماعتی حریت کانفرنس کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی گئی ہے یہ محض الیکشن مہم ہے۔ حریت کانفرنس کے رہنمائوں کو چاہیے تھا کہ وہ پاکستان کے دورے کے حوالے سے غوروخوض کرتے۔ بزرگ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی، شبیر شاہ اور یاسین ملک نے پاکستان کا دورہ نہ کر کے اچھا قدم اٹھایا ہے وہ سجمھتے ہیں کہ اس وقت اس دورے سے کوئی نتائج مرتب نہیں ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 224003
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش