0
Saturday 29 Dec 2012 00:28

طاہر القادری کا الطاف حسین سے ٹیلیفونک رابطہ، اسلام آباد مارچ میں شرکت کی دعوت

طاہر القادری کا الطاف حسین سے ٹیلیفونک رابطہ، اسلام آباد مارچ میں شرکت کی دعوت
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کو 14 جنوری کو اسلام آباد میں ہونے والے مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان فون پر ہونے والی گفتگو میں 14 جنوری کے مجوزہ مارچ اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ ان کے رہنماؤں کا اعلیٰ سطحی وفد ایم کیو ایم کو 14 جنوری کے مارچ میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دینے کیلئے کل کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو جائے گا۔ الطاف حسین نے ڈاکٹر طاہر القادری سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی دعوت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم پاکستان عوامی تحریک کے وفد کو نائن زیرو آنے پر خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے مارچ میں شرکت کی باقاعدہ دعوت موصول ہونے کے بعد رابطہ کمیٹی اپنے مشترکہ اجلاس میں اس پر غور کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم روز اول سے ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام، موروثی یعنی خاندانی سیاست اور کرپٹ پولیٹیکل کلچر کے خاتمہ کی جدوجہد کر رہے ہیں اور اس جدوجہد میں ہمارے ہزاروں ساتھی شہید ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر اس آواز کا ساتھ دیں گے جو ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام، موروثی سیاست اور کرپٹ پولیٹیکل کلچر کے خلاف اٹھے گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے الطاف حسین سے کہا کہ ملک سے فرسودہ نظام، موروثی سیاست اور کرپٹ پولیٹیکل کلچر کی تبدیلی کیلئے ایم کیو ایم اور پاکستان عوامی تحریک کے نظریات میں مکمل ہم آہنگی ہے اور انشاء اللہ ہم اس مقصد کیلئے باہمی تعاون کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 225974
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش