0
Monday 31 Dec 2012 11:46

کراچی، چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات ترتیب دے دیئے گئے

کراچی، چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات ترتیب دے دیئے گئے
اسلام ٹائمز۔ نواسہ رسول اکرم (ص) حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر پولیس جلوسوں اور مجالس کیلئے تیار کردہ سیکیورٹی منصوبے کے تحت کڑی نگرانی کے عمل کو قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مؤثر رابطوں کے تحت یقینی بنا رہی ہے۔ آئی جی سندھ فیاض احمد لغاری نے سیکیورٹی انتظامات پر مشتمل ایک رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ جلوسوں اور مجالس کے شرکاء کے ساتھ ساتھ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات پر عمل درآمد کیلئے ضلعی پولیس افسران، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز سیکیورٹی فرائض پر مامور اہلکاروں کو باقاعدہ بریفنگ کے عمل کو لازمی بنائیں گے۔ کراچی پولیس نے سیکیورٹی پلان کو مختلف سیکیورٹی سیکٹرز میں تقسیم کیا ہے اور ہر ایک سیکیورٹی سیکٹر کا نگران ایس پی رینک کے پولیس افسر کو بنایا گیا ہے۔ جبکہ ہر ایک سیکیورٹی سیکٹرز کو تقسیم کرکے ایس ڈی پی اوز کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں کہ سیکیورٹی اہلکاروں سے مستقل رابطوں میں رہیں گے۔
 
کراچی پولیس کے مطابق سیکیورٹی اقدامات کے تحت پولیس کمانڈوز بھی فرائض انجام دے رہے ہیں، مرکزی جلوسوں کے روٹس پر منتخب کردہ بلند عمارتوں پر روف ٹاپ ڈپلائمنٹ کے ساتھ ساتھ نشتر پارک کے اطراف میں واچ ٹاورز سے بھی نگرانی کے عمل کو مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں جلوسوں و مجالس کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ پولیس ہیڈ آفس میں قائم مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے جبکہ نشتر پارک و ملحہ علاقوں سے لیکر حسینیہ ایرانیاں تک مانیٹرنگ کو نشتر پارک میں قائم کنٹرول روم سے بھی یقینی بنایا جائے گا۔ سیکیورٹی منصوبے کے مطابق قیام امن کیلئے متعلقہ ضلعی، ڈویژنل ایس پیز اور ایس ایچ اوز اور علماء کرام، مذہبی قائدین کے ساتھ مربوط رابطوں کو یقینی بنائیں گے۔ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی ٹریفک کی روانی کے ضمن میں ٹریفک پولیس افسران اور اہلکاروں کی ڈپلائمنٹ کو یقینی بنائیں گے جبکہ جلوسوں کے رضاکاروں کو کسی بھی صورت ٹریفک کنٹرول کی اجازت نہیں ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 226682
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش