0
Saturday 19 Jan 2013 14:48

حکومت کیساتھ معاہدہ طاہر القادری کیلئے واپسی کا محفو ظ راستہ ہے، لیاقت بلوچ

حکومت کیساتھ معاہدہ طاہر القادری کیلئے واپسی کا محفو ظ راستہ ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری اور حکومت کے درمیان معاہدہ کو طاہر القادری کیلئے فیم سیونگ اور واپسی کا محفوظ راستہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تر ڈرامہ بازی کے باوجود حکومتی لولی پاپ کے سوا ان کے ہاتھ کچھ نہیں آیا۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ لانگ مارچ کے موقع پر طاہر القادری نے جن عزائم، پروگرام اور تبدیلی کے جو نعرے لگائے تھے۔ معاہدہ کرتے وقت ان سب کو بھول گئے۔ جن حکمرانوں کو طاہر القادری نے سابق، چور، ڈاکو، فرعون، یزید اور بدعنوان قرار دے کر خود کو حسینیت کا علمبردار کہا آخر میں انہی حکمرانوں کے ساتھ معاہدہ بھی کیا اور انقلاب اور تبدیلی کو پس پشت ڈال دیا۔ انہوں نے کہا کہ جن انتخابی اصلاحات کو منوانے کا وہ دعویٰ کر رہے ہیں وہ پہلے ہی آئین، قانون اور انتخابی قواعد کا حصہ ہیں۔ آئین کی دفعہ 62 اور 63 پہلے ہی آئین کا حصہ اور نافذ العمل ہیں۔ حکومت ویسے ہی اپنے 5 سال پورے کرنے کے بعد 16 مارچ سے قبل ختم ہو جائے گی اور انتخابات بھی آئین کے تحت 90 دن کے اندر منعقد کرنا ضروری ہیں یہ ساری چیزیں تو پہلے ہی طے شدہ ہیں ان کیلئے کسی لانگ مارچ یا دھرنے کی تو ضرورت نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک الیکشن کمیشن کا تعلق ہے اس پر پوری قوم کا اتفاق رائے موجود ہے اور نگران حکومتوں اور انتخابی شیڈول کے بارے میں بھی آئین میں طریقہ کار موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خیال میں ایک ایسے موقع پر جب پرامن انتقال اقتدار میں محض چند ہفتے باقی ہیں۔ طاہر القادری کے لانگ مارچ نے خود ان کے بارے قوم میں شدید شکوک و شبہات پیدا کر دئیے ہیں کہ وہ انتخابات کا التواء کروا کر غیر جمہوری قوتوں کا راستہ ہموار کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن اس موقع پر اپوزیشن جماعتوں نے متحد ہو کر جمہوریت کے خلاف اس سازش کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد جا کر طاہر القادری بند گلی میں پھنس گئے تھے اور تنہاء ہو جانے کی وجہ سے ان کی کوئی اہمیت نہیں رہ گئی تھی ایسے میں حکومت نے ان کے ساتھ معاہدہ کر کے انہیں واپسی کا محفوظ راستہ فراہم کر دیا۔ اس معاہدہ سے ان کی ڈرامہ بازی ساری قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈرامے کا جو ڈراپ سین سامنے آیا اسے دیکھ کر ہر کسی کو یقین ہو گیا ہے کہ اس کا سارا سکرپٹ پہلے سے لکھ دیا گیا تھا اور شروع سے آخر تک قادری نے اسی سکرپٹ کے تحت اپنا کردار نبھایا۔
خبر کا کوڈ : 232526
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش