0
Wednesday 23 Jan 2013 22:01

پورے پاکستان میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کی تیاریاں عروج پر

پورے پاکستان میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کی تیاریاں عروج پر
اسلام ٹائمز۔ ربیع الاول کا مبارک مہینہ شروع ہوتے ہی عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان کا جشن ولادت منانے کی تیاریاں شروع کر دیتے ہیں۔ ماہ ربیع اول کے آغاز سے ہی گھروں، مساجد، محلوں اور گلیوں کو سجانے کے لیے جھنڈے، جھنڈیوں، برقی قمقموں اور دیگر اشیاء کی خریداری عروج پر پہنچ جاتی ہے۔ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں خوبصورت رنگوں اور جھلمل کرتے گلیٹرز سے لکھے کلمہ طیبہ اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بینرز، سبز جھنڈوں، اور برقی قمقموں کی خریداری کے لیے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے بازاروں کا رخ کیا ہوا ہے۔ دوکانداروں کا کہنا ہے کہ جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر فینسی خوبصورت نگینوں سے آراستہ سبز اور سفید رنگ کے ڈیزائن والے بیجز اور چائنا الیکٹرک قمقموں کی لڑیوں کی مانگ زیادہ ہے۔ بچے اور بچیاں کلمہ طیبہ اور نعلین مبارک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شبیہ سے سجے بینڈز، کڑے اور لاکٹ خرید کر آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خصوصی اظہار محبت کر رہی ہیں۔ 

جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں سبز بہار آ جاتی ہے۔ عقیدت مند جوش و جذبے سے سجاوٹ کی اشیاء خرید کر گلی محلوں کو سجاتے ہیں۔ ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ جڑواں شہروں میں آمد رسول کی صدائیں ہر گلی کوچے میں گونج رہی ہیں۔ جڑواں شہروں میں جشن آمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نہایت عقیدت و احترام سے منانے کی تیاریاں شروع ہیں۔ بازاروں میں جشن میلاد کے سلسلے میں سٹال سج گئے ہیں۔ کہیں ایک طرف نعت خواں ٹولیاں جلوس میں شرکت کے لیے تیاریاں کر رہی ہیں تو دوسری طرف عمارتوں کو برقی قموموں سے سجایا جا رہا ہے۔ جشن میلاد کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں سرکاری و نجی دفاتر اور سکولوں کو بھی سجایا جا رہا ہے جبکہ مختلف مقامات پر عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تقاریب کا بھی انعقاد جاری ہے۔ نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کا جشن منانے کے لیے یوں تو ہر کوئی پرجوش دکھائی دیتا ہے تاہم بچوں کا جذبہ دیدنی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے جڑواں شہروں میں سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ عید میلاد البنی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر جلوس اور ریلیوں کی سکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، پولیس اور رینجرز کے ہزاروں اہلکار مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر مامور ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 234032
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش