0
Tuesday 19 Feb 2013 13:20

مجلس وحدت کے دھرنوں میں وسعت، پورا لاہور جام کر دیا گیا

مجلس وحدت کے دھرنوں میں وسعت، پورا لاہور جام کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ سانحہ کوئٹہ کے خلاف جاری مجلس وحدت مسلمین کے احتجاجی دھرنے میں وسعت آ گئی، پورے لاہور کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر دھرنے بٹھا دیئے گئے جس سے ٹریفک کا سارا نظام جام ہو کر رہ گیا ہے۔ لاہور میں مال روڈ پر گورنر ہاؤس کے سامنے کل گیارہ بجے صبح سے دھرنا جاری ہے جبکہ اس کے بعد جی ٹی روڈ پر امامیہ کالونی کے باہر دھرنا دے کر عام ٹریفک اور ریلوے ٹریک کو بلاک کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے سیالکوٹ، گوجرانوالہ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، مرید کے، کامونکے سمیت سینکڑوں شہروں کو جانے والی ٹریفک جام ہے۔

تیسرا دھرنا نیازی چوک بابو صابو انٹر چینج پر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے موٹروے پر جانے والے ٹریفک کو روک دیا گیا ہے، چوتھا دھرنا ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں دیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ملتان روڈ بند ہو گئی ہے اور بھائی پھیرو، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، میاں چنوں اور ملتان جانے والی ٹریفک بند ہے۔ شیعہ علماء کونسل کے زیراہتمام حافظ سید کاظم رضا نقوی اور دیگر علماء کی قیادت میں پانچواں دھرنا فیروز پور روڈ پر چونگی امر سدھو کے مقام پر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے قصور جانے والے والی ٹریفک بند ہو گئی ہے جبکہ اسی مقام پر دھرنے کے شرکاء نے میٹرو بس کے ٹریک کو بھی بلاک کر دیا ہے جس کی وجہ میٹرو بس سروس بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

پورے لاہور میں ہونیوالے یہ دھرنے مجلس وحدت مسلمین، آئی ایس او، شیعہ علماء کونسل اور دیگر شیعہ تنظیموں کی جانب سے دیئے جا رہے ہیں۔ دھرنے میں خواتین، بچے، جوان، مرد اور بزرگوں کی کثیر تعداد شریک ہے۔ دھرنے کا شرکاء کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ وہ سانحہ کوئٹہ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور ہزارہ کمیونٹی کے مطالبات تسلیم ہونے تک وہ ان دھرنوں سے نہیں اٹھیں گے۔ دوسری جانب سنی اتحاد کونسل، سنی تحریک، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، ورلڈ پاسبان ختم نبوت سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں نے مجلس وحدت کے دھرنے کی حمایت اور سانحہ کوئٹہ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 240860
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش