0
Friday 1 Mar 2013 01:41

شہر میں لسانی اور فرقہ ورانہ اختلافات پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، اے این پی

شہر میں لسانی اور فرقہ ورانہ اختلافات پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، اے این پی
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہر کراچی کو انتہائی نازک ترین صورت حال کا سامنا ہے، شہر تمام جانب سے انتہائی ذمہ دارانہ طرز عمل کا متقاضی ہے، شہر میں محاذ آرائی کی روک تھام کے لئے کئے گئے ہر فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، سیاسی مفادات اپنی جگہ مگر شہر میں قیام امن کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، شہر کسی قسم کی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں اے این پی سندھ کے ترجمان نے مزید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی صوبے کے وسیع تر مفاد میں کئے گئے فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے، شہر کا امن تباہ کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، ایک منظم سازش کے تحت شہر میں لسانی اور فرقہ ورانہ اختلافات پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ دہشت گرد ملک کو عدم استحکام کی جانب دھکیلنے کے ایجنڈے پر کاربند ہیں، کراچی ہمیشہ سے جمہوریت پسندوں کا شہر رہا ہے اور ایک سازش کے تحت ہمیشہ سے روشنیوں کے شہر کو بدامنی کی آماجگاہ بنانے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں، کراچی کی عوام نے ہمیشہ اخوت، برداشت، پیار و محبت کے ذریعے تمام سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور شہر میں قیام امن کے لئے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کاروائی کریں۔
خبر کا کوڈ : 243240
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش