0
Tuesday 5 Mar 2013 11:55

بھارتی حکومت نے گورو کو پھانسی دیکر قانون کا قتل کیا، یاسین ملک

بھارتی حکومت نے گورو کو پھانسی دیکر قانون کا قتل کیا، یاسین ملک
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیری قوم نے ثابت کیا کہ ہندوستان کی 10 لاکھ فوج ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ کر بھی کشمیریوں کو جذبہ آزادی سے دور نہ کر سکی۔ تہاڑ جیل میں شہید کشمیر مقبول بٹ کو پھانسی دیکر بھارتی فوج یہ چاہتی تھی کہ تحریک ختم ہو جائے گی لیکن آرپار کشمیریوں کے ہر گھر میں مقبول بٹ پیدا ہو گیا۔ وہ گذشتہ روز کالج گرائونڈ تتہ پانی میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ قبل ازیں جب وہ کوٹلی سے تتہ پانی آئے تو عوام نے ان کا فقیدالمثال استقبال کیا۔ لبریشن فرنٹ کے سپریم لیڈر امان اللہ خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 

چیئرمین لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ جو فیصلہ عوام کی رائے کے خلاف ہو اسے فوجی طاقت سے نہیں دبایا جا سکتا ہے۔ افضل گورو کی پھانسی مقبول بٹ کی طرح ہے۔ بھارتی حکومت نے افضل گورو کو پھانسی دیکر آئین و قانون کا قتل کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے سیاسی لیڈروں سے بات ہوئی ہے تمام رہنما تحریک آزادی کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہیں۔ اس وقت آزاد کشمیر سے ایک مضبوط بیک اپ کی ضرورت ہے ہم آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ جدوجہد پر اتحاد پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 

یاسین ملک نے نوجوانوں اور کارکنوں سے کہا کہ دوسری سیاسی تنظیموں کی برائیاں بیان کرنے والے اپنا مستقبل کا مقام نہیں بنا سکتے۔ اس وقت ہمیں مضبوط ڈپلومیٹک فرنٹ کی ضرورت ہے۔ انھوں نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ سے قربانی نہیں مانگتے آپ صرف تحریک آزادی کے لیے پوری دنیا میں آواز بلند کریں۔ جلسہ عام سے سپریم ہیڈ لبریش فرنٹ امان اللہ خان اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 244328
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش