0
Sunday 17 Mar 2013 22:08

نبیل گبول کی اپنے ہزاروں ساتھیوں کے ہمراہ ایم کیو ایم میں شمولیت

نبیل گبول کی اپنے ہزاروں ساتھیوں کے ہمراہ ایم کیو ایم میں شمولیت
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی اور معروف سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے نبیل گبول نے اپنے ہزاروں ساتھیوں کے ہمراہ الطاف حسین کی جانب سے 98 فیصد مظلوم عوام کے حقوق کی جدوجہد سے متاثر ہوکر متحدہ قومی موومنٹ میں غیر مشروط طور پر شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ ایم کیو ایم میں شمولیت کا اعلان انہوں نے اتوار کی شام نائن زیرو عزیز آباد پر منعقدہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نبیل گبول جب نائن زیرو پہنچے تو کارکنان کی بڑی تعداد نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور فلک شگاف نعروں کی گونج میں ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز ڈاکٹر فاروق ستار، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

نبیل گبول نے پریس کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی انسان کے سیاست میں ہونے کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے، موجودہ پیپلز پارٹی نے میرے حلقہ انتخاب لیاری کو نظر انداز کیا اور اسے تباہ و برباد کردیا، میں لیاری کے مسئلے پر تین سال سے آواز بلند کررہا ہوں اور اپنی پارٹی قیادت کو متوجہ کرتا رہا ہوں کہ لیاری میں جو ماحول بن رہا ہے وہ ایک ایسا ٹائم بم ہے جس کے اثرات پورے کراچی اور ملک پر مرتب ہوں گے، میں پی پی پی کی قیادت سے اپیلیں کرتا رہا کہ خدارا لیاری میں جرائم پیشہ عناصر آگے بڑھ رہے ہیں انہیں روکا جائے مگر میری پارٹی نے نہیں سنی اور لیاری کی صورتحال آج سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر کے ہاتھوں یرغمال لیاری کے عوام کی خدمت نہیں کرسکا مگر اب میں اپنے اس فریضہ کی ادائیگی کیلئے ایم کیو ایم میں شامل ہو رہا ہوں تاکہ مظلوموں کی خدمت کرسکوں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے حوالے سے غلط فہمیاں پیدا کی گئیں اور یہ تاثر پیدا کیا کہ یہ مخصوص طبقے کی جماعت ہے جبکہ ایم کیو ایم میں تمام قومیتوں کے ہی نہیں بلکہ مذہبی اقلیتوں کے عوام بھی شامل ہیں، ایم کیو ایم میں شمولیت کے بعد میں سندھ میں آباد سندھی، بلوچ، پٹھان، پنجابی کمیونٹی کو ملانے کا کام کروں گا اور یہ میری اولین ترجیح ہوگی جبکہ میں اس تاثر کو بھی زائل کروں گا کہ ایم کیو ایم مخصوص طبقے کی جماعت ہے۔ انہوں نے لیاری کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ لی مارکیٹ سے آگے بھی جائیں انہیں وہاں ایم کیو ایم کے کارکنان تحفظ فراہم کریں گے جبکہ اردو بولنے والوں کا تحفظ بھی سندھی اور بلوچوں کی ذمہ دار ہونا چاہئے۔

نبیل گبول نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سے میرے تعلقات اسی بات پر خراب ہوئے کہ اس وقت کے وزیر داخلہ سندھ میرے حلقے میں بہت مداخلت کرتے تھے اور انہوں نے جرائم پیشہ افراد کو لیاری میں سر پر چڑھایا اس وقت بھی میں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو بارہا کہا کہ یہ عناصر پیپلز پارٹی کیلئے مصیبت بنیں گے اسی بنیاد پر میرے اختلافات پیپلز پارٹی سے شروع ہوئے تھے۔ بعد ازاں ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبیل گبول کی ایم کیو ایم میں شمولیت سے الطاف حسین کا پیغام ملک بھر باالخصوص سندھ میں فروغ پائے گا اور سندھ کی اکائیوں کے درمیان یکجہتی کیلئے الطاف حسین کی جانب سے کی جانے کاوشوں کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے الطاف حسین اور ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کی جانب سے نبیل گبول کی شمولیت کا زبردست خیر مقدم کیا اور انہیں دلی مبارکباد پیش کی۔
خبر کا کوڈ : 247351
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش