0
Wednesday 20 Mar 2013 09:11

کشمیر یونیورسٹی کیمپس سمیت مختلف کالجوں میں طلباء کا احتجاج

کشمیر یونیورسٹی کیمپس سمیت مختلف کالجوں میں طلباء کا احتجاج
اسلام ٹائمز۔ متحدہ مجلس مشاورت کی کال پر وادی کی سب سے بڑی دانشگاہ جامعہ کشمیر سمیت کئی تعلیمی اداروں میں طلبہ نے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے محمد افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کے باقیات کی واپسی کا پر زور مطالبہ کیا، انہوں نے مظاہروں کے دوران آزادی اور اسلام کے حق میں نعرے بلند کرتے ہوئے حالیہ واقعات میں جاں بحق ہوئے نوجوانوں کو خراج پیش کیا، مقبوضہ کشمیر کی سب سے بڑی دانشگاہ جامعہ کشمیر میں منگل کو متحدہ مجلس مشاورت کی کال پر زیر تعلیم طلبہ نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا، طلبہ نے کلاسز کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اقبال (رہ) لائبریری جسے طلبہ نے ’’گیلانی چوک‘‘ کے نام سے منسوب کیا ہے، سے ایک احتجاجی ریلی نکالی اور وائس چانسلر کے دفتر جسے طلبہ نے ’’افضل گورو چوک‘‘ کے نام سے منسوب کیا ہے تک مارچ کیا، اس سے قبل طلبہ نے یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کے دفاتر اور کلاسوں کا مارچ کیا اور طلبہ کو احتجاج میں شامل ہونے کی تلقین کی، احتجاجی طلبہ نے اپنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف اور محمد افضل گورو کے حق میں نعرے درج تھے جبکہ طلبہ نے محمد افضل گورو کی تصاویر بھی اپنے ہاتھوں میں اُٹھا رکھی تھی۔

طلبہ نے احتجاج کے دوران یہ مطالبہ کیا کہ 1984ء میں تہاڑ جیل میں پھانسی کے بعد دفن کئے گئے لبریشن فرنٹ کے بانی محمد مقبول بٹ اور 9 فروری 2013ء کو اسی جیل پھانسی دینے کے بعد دفن کیے گئے محمد افضل گورو کے باقیات کو لواحقین کے سپرد کیا جائے، طلبہ نے کئی گھنٹوں تک اپنا احتجاج جاری رکھا اور ایم ایم ایم کی کال پر اپنا مظاہرہ درج کرایا، یونیورسٹی میں احتجاج کر رہے طلبہ سے ٹیلی فونک خطاب کے دوران کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے انہیں خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم جاری رکھیں اور رواں جدوجہد میں بھی اسی طرح اپنا کلیدی رول ادا کریں، اُن کا کہنا تھا کہ طلبہ اور نوجوان بھارت کے خلاف اپنی آواز کو اسی طرح بلند کرے جب تک بقول ان کے کشمیر بھارتی قبضے سے آزاد نہیں ہوتا۔

اس دوران متحدہ مجلس مشاورت کی جانب سے دی گئی کال کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر کے تعلیمی مراکز کے گرد و نواح سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے تھے تاہم اس کے باوجود طلبہ نے اپنا احتجاج درج کرایا، اس دوران متحدہ مجلس مشاورت نے منگل کو طلباء و طالبات کی طرف سے مجلس کی کال پر لبیک کہتے ہوئے مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں احتجاجی مظاہروں کے انعقاد پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان احتجاجوں نے ثابت کردیا ہے کہ کشمیری قوم کے مستقبل یہ طلبہ و طالبات بھی ریاست میں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو خوب سمجھتے ہوئے آزادی پسند قیادت کی پشت پر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 247713
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش