0
Friday 30 Apr 2010 15:07

بیلجیم میں برقعہ پر پابندی عائد کر دی گئی

بیلجیم میں برقعہ پر پابندی عائد کر دی گئی
برسلز:اسلام ٹائمز-اے آر وائی نیوز کے مطابق بیلجیم کی پارلیمنٹ نے عوامی مقامات پر برقعہ پہننے پر پابندی عائد کر دی ہے۔بیلجیم کی پارلیمنٹ میں رائے شماری میں ایک سو چونتیس ارکان نے برقعہ پر پابندی کے حق میں ووٹ دیا جبکہ مخالفت میں ایک بھی ووٹ نہیں آیا۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے پر پندرہ سے پچیس یورو جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ سات دن قید بھی ہو سکتی ہے۔بیلجیم برقعہ پر پابندی لگانے والا پہلا یورپی ملک ہے۔ فرانس کی پارلیمنٹ میں بھی اس طر ح کا بل پیش کیا جا چکا ہے اور امکان ہے کہ وہاں بھی برقعہ پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
آج نیوز کے مطابق بلجیم میں نقاب پر پابندی کا بل پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ایوان زیریں سے منظوری کے بعد اب یہ بل حتمی قانون سازی کے لئے سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔ایوان میں بل پیش کرنے والے رکن پارلیمنٹ باسکولائن کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کسی مذہب پر حملہ کرنا نہیں بلکہ یہ اقدام اس بات کا مظہر ہے کہ بیلجئیم خواتین کے حقوق کا تحفظ کرنا چاہتا ہے۔دوسری جانب بیلجئیم میں آباد مسلم کمیونٹی کا کہنا ہے کہ مسلمان کبھی کسی کو نہیں کہتے کہ وہ لباس کس طریقے سے پہنے تو پھر مسلمانوں کو ہی ہمیشہ کیوں ٹارگٹ کیا جاتا ہے۔
فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی بھی نقاب پر پابندی کا بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا حکم دے چکے ہیں جبکہ سوئٹزلینڈ میں بھی مساجد کے میناروں کی تعمیر پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔یورپ میں آباد مسلمانوں کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف متعصبانہ رویے میں اضافہ ہو رہا ہے۔

خبر کا کوڈ : 24799
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش