0
Friday 22 Mar 2013 21:49

جے یو آئی کا کراچی کے بیشتر حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ، امیدواروں کی فہرست مرتب

جے یو آئی کا کراچی کے بیشتر حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ، امیدواروں کی فہرست مرتب
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کراچی سٹی کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس جامعہ حفصہ ہارون آباد میں امیر کراچی قاری محمد عثمان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں الیکشن 2013ء کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے اور کراچی سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے بیشتر حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ اور امیدواروں کے ناموں کی فہرست مرتب کرلی گئی، جن کا اعلان ایک دو روز میں کیا جائے گا۔ جبکہ انتخابات میں دوسری ہم خیال جماعتوں سے اتحاد یا سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے امیر کراچی نے اراکین مجلس عاملہ کو آگاہ کیا۔ جس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے رابطوں کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں 31 مارچ کو مینار پاکستان میں منعقد ہونے والی اسلام زندہ باد کانفرنس میں شرکت کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مولانا محمد غیاث، مولانا سید حماد اللہ شاہ، مولانا عمر صادق، قاضی فخر الحسن، ڈاکٹر نصیر الدین سواتی، مفتی عبد الحق عثمانی، قاضی امین الحق آزاد، انجینئر محمد سلیم نے شرکت کی۔

جے یو آئی کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ میں نگران سیٹ اپ کے آنے سے سابقہ حکمرانوں کے عزائم سامنے آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا موجودہ نگران سیٹ اپ غیر جانبدار نہیں بلکہ دو جماعتوں کا منظور نظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ صوبے میں ان جماعتوں کے علاوہ دیگر بااثر مذہبی و سیاسی جماعتیں موجود ہیں لیکن دو جماعتوں نے دیگر جماعتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے مک مکا کرکے غیر جمہوری انداز اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات سے معلوم ہوتا ہے کہ نگران سیٹ اپ وہی کچھ کرے گا جو ان سے طے کرلیا گیا ہے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام پورے ملک کی طرح کراچی میں بھی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی جبکہ دیگر ہم خیال جماعتوں سے انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر مذاکرات جاری ہیں۔
خبر کا کوڈ : 248385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش