0
Saturday 23 Mar 2013 19:54

نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کا واحد مقصد صرف اور صرف اقتدار کا حصول ہے، میرواعظ عمر فاروق

نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کا واحد مقصد صرف اور صرف اقتدار کا حصول ہے، میرواعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق نے کشمیر میں بھارت نواز جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو اپنے مفاد اور اقتدار کی خاطر کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کی سودابازی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جماعتیں کسی بھی قیمت پر صرف اپنے اقتدار کا حصول چاہتی ہیں، گزشتہ تقریباً ڈیڑھ ماہ سے اپنی رہائشی گاہ میں نظر بند میرواعظ عمر فاروق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک طرف بھارت میں ڈی ایم کے (DMK) سری لنکا میں تامل باشندوں کیخلاف ہو رہی زیادتیوں کی بنا پر یو پی اے (UPA) سرکار سے اپنی حمایت واپس لینے کو ترجیح دیتی ہے مگر دوسری طرف پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس اپنے اقتدار کی ہوس کی خاطر کشمیریوں کے مفادات اور جذبات کو محض ذاتی اقتدار کی خاطر بڑی بے شرمی کے ساتھ استحصال کرنے سے گریز نہیں کرتی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین نے کہا کہ اگر نیشنل کانفرنس واقعی بقول انکے محمد افضل گورو کی پھانسی کے حق میں نہیں تھی تو دہلی میں یو پی اے سرکار کی حمایت واپس لینے میں کون سی چیز مانع تھی اور کیوں نیشنل کانفرنس نے اپنے پارٹی کے مرکزی وزیر فاروق عبداللہ کو یو پی اے کابینہ سے واپس نہیں بلایا، انہوں نے کہا کہ ڈی ایم کے کی یو پی اے سرکار سے علیحدگی کے طرز عمل پر نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے لیڈر کے سر شرم سے جھک جانے چاہئے اور ان لوگوں کو یہ حقیقت جان لینی چاہئے کہ کشمیری عوام نے ایک بار پھر ان جماعتوں کے دوغلے پن اور دوہری سیاست کاری کو اچھی طرح جان لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں جماعتیں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور کشمیری عوام کے جذبات اور مفادات کے استحصال، نا انصافیوں، قتل و غارت اور بے رحمانہ سلوک روا رکھنے کے حوالے سے یکساں طور نہ صرف ملوث ہیں بلکہ اس قسم کے غیر انسانی فیصلوں میں بھی برابر کے شریک ہیں، میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ کشمیری عوام کو یہ حقیقت ذہن نشین کر لینی چاہئے کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی انکے جذبات، مفادات اور عزت نفس کے حوالے سے کبھی بھی مخلص نہیں ہوسکتیں بلکہ ان جماعتوں کا واحد مقصد صرف اور صرف اقتدار کا حصول ہے۔

انہوں نے سری لنکا کی طرف سے تامل آبادی کےخلاف ہو رہی زیادتیوں پر بھارت کی طرف سے اقوام متحدہ کی قرارداد کی حمایت پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت جب خود کشمیر میں حقوق انسانی کی سنگین پامالیوں کی مرتکب ہو رہی ہے تو تاملوں کے حوالے سے اس قسم کی قرارداد کی حمایت صرف بھارت کے دہرے معیار اور منافقانہ سیاست کاری کی غماز ہے، انہوں نے بھارت کے ارباب اقتدار سے کہا کہ وہ جو کہتے ہیں اُس پر عمل بھی کرکے دکھائیں۔
خبر کا کوڈ : 248673
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش